سابق نائیجیرین صدر محمد بوہاری انتقال کر گئے
Muhammadu Buhari death
فائل فوٹو
ابوجا: (ویب ڈیسک) نائیجیریا کے سابق صدر اور ممتاز سیاسی و فوجی رہنما محمد بوہاری 82 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

ان کے انتقال کی خبر نے نائیجیریا سمیت دنیا بھر میں ان کے مداحوں کو غمزدہ کر دیا ہے۔ نائیجرین صدارتی دفتر اور ان کے اہلِ خانہ نے ان کی وفات کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔

محمد بوہاری نائیجیریا کی تاریخ کے اہم ترین سیاسی رہنماؤں میں شمار ہوتے تھے۔ وہ 2015ء سے 2023ء تک ملک کے صدر رہے اور اس دوران انہوں نے بدعنوانی کے خلاف سخت مؤقف، اقتصادی اصلاحات اور سیکیورٹی کے شعبے میں کئی اہم اقدامات کیے۔ ان کے دورِ صدارت میں نائیجیریا نے عالمی سطح پر اپنی شناخت کو مضبوط کیا۔

یہ بھی پڑھیں:لندن: مسافر طیارے میں آگ بھڑک اٹھی

اس سے قبل وہ 1983ء سے 1985ء تک فوجی سربراہ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے تھے، جب انہوں نے ایک فوجی انقلاب کے ذریعے اقتدار سنبھالا تھا۔ بعدازاں انہوں نے جمہوری سیاست میں قدم رکھا اور کئی سال کی جدوجہد کے بعد صدر منتخب ہوئے۔

دنیا بھر کے رہنماؤں کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔