امریکہ کے ایران پر حملوں کے بعد ایئرلائنز کی پروازیں منسوخ
 airline cancellations
فائیل فوٹو
لاہور:( ویب ڈیسک) امریکہ کے ایران پر حملوں کے بعد بیشترایئرلائنز کی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں جس کی وجہ سے سفری بحران پیدا ہو گیا ہے۔

سنگاپور ایئرلائنز، جو کہ ایشیا کی ایک بڑی اور معروف ایئرلائن ہے، نے اتوار کو صورتحال کوغیر یقینی قرار دیتے ہوئے دبئی کے لیے اپنی پروازیں سیکیورٹی جائزے کے بعد منسوخ کر دیں۔

یاد رہے کہ یورپ اور ایشیا کے درمیان فضائی راستوں کے لیے مشرقِ وسطیٰ کی راہداری اس وقت مزید اہم ہو چکی ہے کیونکہ روس اور یوکرین کی فضائی حدود جنگ کے باعث بند ہیں، تاہم پروازوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ  FlightRadar24 کے مطابق ایران، عراق، شام اور اسرائیل کے اوپر فضائی خلا پایا جا رہا ہے۔

ایئر فرانس نے اتوار اور پیر کے روز دبئی اور ریاض کے لیے اپنی پروازیں منسوخ کر دیں۔ برٹش ایئرویز (جو IAG کی ملکیت ہے) نے بھی اتوار کو دبئی اور دوحہ کے لیے پروازیں منسوخ کیں۔ کمپنی نے اتوار کی شام ایک بیان میں کہا کہ وہ مستقبل کی پروازوں کے بارے میں صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا کا ایرانی ایٹمی پروگرام ختم کرنے کا دعویٰ

وا ضح رہے کہ مسلسل بڑھتے ہوئے تنازعات والے علاقوں میں میزائل اور ڈرون حملے فضائی ٹریفک کے لیے بڑا خطرہ ہیں، اور پروازوں کے خطرات کی نگرانی کرنے والی تنظیم Safe Airspace (جو کہ OPSGROUP کے تحت چلتی ہے) نے اتوار کو خبردار کیا کہ اگر امریکہ نے ایران کے جوہری مراکز پر حملے کیے تو خطے میں امریکی ایئرلائنز کے لیے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔

امریکی حملوں سے کچھ دن قبل، امریکن ایئرلائنز نے قطر کے لیے پروازیں معطل کی تھیں جبکہ یونائیٹڈ ایئرلائنز (UAL.O)نے بھی دبئی کے لیے اپنی پروازیں روک دی تھیں۔

ایئرلائنز اس بات پر بھی تشویش کا شکار ہیں کہ امریکی حملوں کے بعد تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، جس سے جیٹ فیول کی لاگت بڑھے گی۔

اسرائیل نے اس دوران اپنے ملک اور بیرون ملک پھنسے مسافروں کے لیے پروازیں بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیلی ہوائی اڈہ اتھارٹی کے مطابق پیر کے روز یومیہ 24 ریسکیو پروازیں چلائی جائیں گی، تاہم ہر پرواز میں صرف 50 مسافروں کی اجازت ہوگی۔ اسرائیلی ایئرلائن El Al نے اتوار کو بتایا کہ ایک دن میں تقریباً 25 ہزار افراد نے ملک سے باہر جانے کے لیے درخواستیں دی ہیں۔