گاڑیاں خریدنے کے خواہشمند افراد کیلئے بُری خبر
car prices Pakistan
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) وفاقی بجٹ 2025-26 میں چھوٹی گاڑیوں پر سیلز ٹیکس کی شرح 12.5 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کر دی گئی، جس کے باعث گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

آل پاکستان موٹر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایچ ایم شہزاد کے مطابق اس اقدام سے سب سے زیادہ متاثر متوسط طبقہ ہوگا۔

ایچ ایم شہزاد کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کے بعد معروف چھوٹی گاڑی آلٹو کی قیمت میں ڈیڑھ لاکھ روپے تک اضافہ ہو سکتا ہے۔

ان کے مطابق مقامی سطح پر تیار ہونے والی ہائبرڈ گاڑیوں پر پہلے ہی 18 فیصد سیلز ٹیکس لاگو ہے، اب چھوٹی گاڑیاں بھی اسی زمرے میں آ جائیں گی، جس سے ان کی قیمتیں عام آدمی کی پہنچ سے مزید دور ہو جائیں گی۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت 5 سال تک پرانی گاڑیوں کی درآمد اور کمرشل امپورٹ کی اجازت دے، تاکہ مقامی مارکیٹ میں مقابلے کی فضا پیدا ہو اور قیمتوں میں کمی لائی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:آن لائن خریداری پر 18 فیصد سیلز ٹیکس لگانے کی تجویز

 

 

ان کا کہنا تھا کہ اس پالیسی سے حکومت کو بھی 200 ارب روپے تک کا ریونیو حاصل ہو سکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلے ہی گاڑیاں عام شہری کی قوتِ خرید سے باہر ہیں، اب نئے ٹیکس سے صورتحال مزید خراب ہو جائے گی۔

دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ بجٹ میں گاڑیوں سے متعلق کیے گئے فیصلے نہ صرف صارفین بلکہ آٹو انڈسٹری پر بھی منفی اثر ڈال سکتے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ حکومت اس پالیسی پر نظر ثانی کرتی ہے یا نہیں۔