آن لائن خریداری پر 18 فیصد سیلز ٹیکس لگانے کی تجویز
Online Shopping Tax Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اگر آپ آن لائن شاپنگ کے شوقین ہیں تو ہوشیار ہو جائیں، کیونکہ وفاقی حکومت نے بجٹ 2025-26 میں ای کامرس پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سیلز ٹیکس ایکٹ میں اہم ترامیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آن لائن کاروبار اور ڈیجیٹل مارکیٹ پلیسز کی تیزی سے ترقی نے روایتی کاروباروں کو مشکلات سے دوچار کر دیا ہے جو مکمل ٹیکس قوانین کی پاسداری کرتے ہیں۔ اس عدم توازن کو ختم کرنے کیلئے حکومت نے ای کامرس پلیٹ فارمز پر براہ راست ٹیکس لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

بجٹ دستاویز کے مطابق ای کامرس پلیٹ فارمز سے صارفین تک اشیاء کی ترسیل کرنے والے کورئیر اور لاجسٹکس کمپنیاں 18 فیصد سیلز ٹیکس وصول کریں گی اور اسے متعلقہ ٹیکس اتھارٹی کے پاس جمع کرائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد آن لائن مارکیٹ میں ٹیکس نظام کو شفاف بنانا اور ٹیکس نیٹ کو وسعت دینا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بجٹ 26-2025، تنخواہ دار طبقے کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان

ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے ایک طرف جہاں حکومت کی آمدن میں اضافہ ہوگا، وہیں دوسری جانب صارفین کو آن لائن اشیاء کی خریداری پر زیادہ قیمت ادا کرنا پڑے گی، جس سے ای کامرس سیکٹر کی رفتار متاثر ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔

ذہن نشین رہے کہ یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ملک میں آن لائن خریداری کا رجحان روز بروز بڑھ رہا ہے، اور لاکھوں افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔