بجٹ 26-2025، تنخواہ دار طبقے کیلئے بڑے ریلیف کا اعلان
وفاقی حکومت نے مالی سال 26-2025 کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کردیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) وفاقی حکومت نے مالی سال 26-2025 کے بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کردیا۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بجٹ تقریر کے دوران اعلان کرتے ہوئے کہا تنخواہ دار طبقے کیلئے تمام ٹیکس سلیبز میں کمی کر دی گئی ہے، 6سے 12 لاکھ تنخواہ پر ٹیکس کی شرح ایک فیصد ہو گی، سالانہ 12 لاکھ آمدن پر ٹیکس کی رقم 30 ہزار روپے سے کم کر کے 6 ہزار روپے کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 22 لاکھ تک تنخواہ پر ٹیکس کی شرح 15 فیصد سے کم کر کے 11 فیصد مقرر کی گئی ہے،22 سے 32 لاکھ تنخواہ پر ٹیکس کی 23 فیصد کر دی گئی ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کے لیے ٹیکس ریلیف میں کمی کے ساتھ ساتھ حکومت نے اپنی مالی مشکلات کے باوجودسرکاری ملازمین کے لیے ریلیف اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کے گریڈ ایک سے 22کے ملازمین کی تنخواہ میں 10 فیصد جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں 7 فیصد اضافے کی تجویز ہے جبکہ معذور ملازمین کے کنوینس الاؤنس کو ماہانہ 4 ہزار سے بڑھا کر 6 ہزار کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک سکیورٹی صورتحال سے دوچار ہے، مسلح افواج نے سرحدوں کے تحفظ کے لیے قابل تحسین خدمات سرانجام دی ہیں، ان خدمات کے اعتراف میں مسلح افواج کے افسران، سولجرز کیلئے خصوصی ریلیف الاؤنس دینے کی تجویز ہے، یہ اخراجات مالی سال 26-2025 کے دفاعی بجٹ سے پورے کیے جائیں گے۔