امریکا کا ایرانی ایٹمی پروگرام ختم کرنے کا دعویٰ
امریکا نے ایران کے ایٹمی پروگرام کو ختم کرنے کا دعویٰ کردیا۔
فائل فوٹو
واشنگٹن: (سنو نیوز) امریکا نے ایران کے ایٹمی پروگرام کو ختم کرنے کا دعویٰ کردیا۔

امریکی وزیردفاع پیٹ ہیگستھ نے چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف ڈین کین کے ہمراہ پینٹاگون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے جوہری عزائم خاک میں ملادیے، ایران نے حملہ کیا تو بھرپور جواب دیں گے، ایرانی مزاحمت کو بھرپور طاقت سے کچل دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف آپریشن میں شریک ہر اہلکار نے بہترین کام کیا ، ہمارے آپریشن سے کسی ایرانی فوجی یا شہری کو نقصان نہیں پہنچا، ہم نے صرف ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا، صدرٹرمپ نے کئی بار کہا ایران جوہری ہتھیارحاصل نہیں کرسکتا۔

پیٹ ہیگستھ کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کواب امریکی صدرکی بات سننا ہوگی ، صدرٹرمپ امن چاہتے ہیں اور ایران کواس راستے پرچلنا ہوگا ، اسرائیل کوتمام اتحادیوں کا اعتماد حاصل ہے۔

امریکی چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف ڈین کین

امریکی فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف ڈین کین نے آپریشنل تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گزشتہ رات صدر کی ہدایات پر آپریشن ’مڈانائٹ ہیمر‘لانچ کیا گیا ،امریکہ نے ایران کا ایٹمی پروگرام ختم کردیا، آپریشن مڈنائٹ ہیمر میں ایرانی جوہری تنصیبات تباہ کردیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بی ٹو اسٹیلتھ بمبار طیارے 18 گھنٹے کی طویل فلائٹ کے بعد اپنے ہدف پر پہنچے، یہ امریکی تاریخ میں بی 2 بمبارطیاروں کا سب سے بڑا حملہ تھا ،منظم ’’اسٹرائیک پیکیج‘‘ کے تحت اہم جوہری اور عسکری اہداف کو نشانہ بنایا، ایران کیخلاف امریکی فوج کی کارروائی کو خفیہ رکھا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا نے ایران کے جوہری مقامات پر حملہ کر دیا

ڈین کین نے کہا کہ امریکی حملے میں 7 بی 2 طیاروں سمیت 125 سے زیادہ فوجی طیاروں نےحصہ لیا، حملے میں مجموعی طور پر امریکی حملےمیں 75 گائیڈڈ ہتھیاروں کا استعمال ہوا جن میں 14 جی بی یو 57 بم بھی شامل تھے۔

امریکی جنرل کا کہنا تھا کہ ایرانی ریڈار امریکی جہاز کو پکڑنے میں ناکام رہے ہیں، امریکی بی ٹو بمبار طیاروں کو دوسرے طیاروں کی مدد حاصل ہے ، ہم مشرق وسطیٰ میں امریکہ فوج کا بھرپور تحفظ کریں گے۔