امریکا نے ایران کے جوہری مقامات پر حملہ کر دیا
امریکا نے رات گئے ایران پر حملے کرتے ہوئے 3 جوہری مقامات کو نشانہ بنایا
امریکا نے ایران میں نیوکلیئر پلانٹس میں فردو، نطنز اور اصفہان کو نشانہ بنایا/ فائل فوٹو
(سنو نیوز) امریکا نے رات گئے ایران پر حملے کرتے ہوئے 3 جوہری مقامات کو نشانہ بنایا۔

امریکی صدر  ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ایران میں 3 نیوکلیئر سائٹس پر کامیاب حملہ مکمل کر لیا، نیوکلیئر پلانٹس میں فردو، نطنز اور اصفہان شامل ہیں، تمام طیارے اب ایران کی فضائی حدود سے باہر ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ بم کا ایک مکمل پے لوڈ بنیادی سائٹ فردو پر گرایا گیا، تمام طیارے بحفاظت اپنے گھر پہنچ گئے ہیں، ہمارے عظیم امریکی جنگجوؤں کو مبارک ہو، دنیا میں کوئی اور فوج ایسا نہیں کر سکتی، اب امن کا وقت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے ٹرمپ کو نوبیل پرائز دینے کی سفارش کردی

بعدازں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے ایران کی نیوکلیئر تنصیبات پر حملہ کیا ہے، ایران خطے میں دہشتگردی کو سپورٹ کر رہا ہے، ایران کی فردو، نطنز اور اصفہان کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کو اب امن قائم کرنا چاہیے، امن قائم  نہ کرنے کی صورت میں مستقبل کے حملے بہت خطرناک ہوں گے، امریکہ کا مقصد ایران کی جوہری افزودگی کی صلاحیت کو ختم کرنا تھا، مستقبل کے حملے بہت خطرناک ہوں گے۔

دوسری جانب ایران کی جانب سے امریکہ کیخلاف جوابی کارروائی کا اعلان کیا گیا ہے۔ پاسداران انقلاب کا کہنا تھا کہ امریکہ تھوڑا انتظار کرے، حملوں کی سزا بھگتے گا، ایران مشرق وسطیٰ میں تمام امریکی اثاثوں کو نشانہ بنائے گا۔

ادھر ایرانی ایٹمی توانائی ادارے نے جوہری سائٹس پر حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دشمن نے فردو، نطنز اور اصفہان جوہری سائٹس کو نشانہ بنایا، جوہری تنصیبات پر حملہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔