امریکہ کی بھارت کے لیے نئی ٹریول ایڈوائزری جاری
امریکہ نے بھارت میں بڑھتے ہوئے جرائم، جنسی حملوں اور دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر امریکی شہریوں کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کر دی
امریکہ نے بھارت میں جنسی حملوں اور دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر شہریوں کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کی/ فائل فوٹو
(سنو نیوز) امریکہ نے بھارت میں بڑھتے ہوئے جرائم، جنسی حملوں اور دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر امریکی شہریوں کے لیے نئی سفری ہدایات جاری کر دی۔

 امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے بھارت کے لیے لیول ٹو (Level 2) ٹریول ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جس میں شہریوں کو ’زیادہ احتیاط‘ برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایڈوائزری میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ بھارت میں سفر کرنے والے امریکی شہریوں کو جنسی حملوں، پرتشدد جرائم، چوری، اور دہشت گردانہ حملوں کے خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، اس لیے وہ محتاط رہیں۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت کے سیاحتی مقامات، عوامی مقامات، بازاروں اور شاپنگ مالز جیسے مصروف علاقوں میں جرائم کے واقعات بڑھتے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کا امریکی حملے کے بعد سخت جوابی کارروائی کا اعلان

امریکی محکمہ خارجہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت میں جنسی زیادتی جیسے جرائم تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور ان میں غیر ملکی خواتین بھی نشانہ بن چکی ہیں۔ ایڈوائزری میں کہا گیا کہ امریکی خواتین مسافروں کو چاہیے کہ وہ تنہا سفر نہ کریں، رات کے وقت اکیلے باہر نہ نکلیں اور اجنبی افراد پر اعتماد کرنے سے گریز کریں۔

اس ٹریول ایڈوائزری میں یہ بھی خبردار کیا گیا ہے کہ بھارت میں دہشت گردانہ حملے کسی بھی وقت اور بغیر کسی پیشگی اطلاع کے ہو سکتے ہیں۔ مختلف شدت پسند گروہ بھارت کے مختلف علاقوں میں سرگرم ہیں اور ماضی میں متعدد حملے ہو چکے ہیں جن میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا گیا۔

امریکہ نے اپنے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بھارت میں سفر کے دوران اپنے اردگرد کے حالات سے باخبر رہیں، مقامی میڈیا پر نظر رکھیں، اور ہنگامی صورتحال میں امریکی سفارتخانے یا قونصل خانے سے رابطہ کریں۔ یہ سفری انتباہ ایسے وقت پر جاری کیا گیا ہے جب بھارت میں کئی ریاستوں میں قانون و انتظام کی صورتحال مسلسل تنقید کی زد میں ہے، اور جنسی جرائم کے اعداد و شمار میں بھی مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔