ایران کا امریکی حملے کے بعد سخت جوابی کارروائی کا اعلان
ایران نے امریکہ کی جانب سے اس کی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جوابی کارروائی کا اعلان کر دیا
ایران نے امریکی حملے کے بعد سخت جوابی کارروائی کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) ایران نے امریکہ کی جانب سے اس کی جوہری تنصیبات پر حملے کے بعد شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے جوابی کارروائی کا اعلان کر دیا۔

 ایرانی پاسداران انقلاب نے سخت لہجے میں کہا ہے کہ "امریکہ تھوڑا انتظار کرے، اس حملے کی سزا ضرور بھگتے گا۔" بیان میں کہا گیا کہ ایران مشرق وسطیٰ میں موجود تمام امریکی اثاثوں کو نشانہ بنائے گا۔

 ایران کے ایٹمی توانائی ادارے نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ امریکہ نے رات گئے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملہ کیا جس میں فردو، نطنز اور اصفہان کے نیوکلیئر سائٹس کو نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی حکام نے اس حملے کو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس جارحیت کا نوٹس لیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا نے ایران کے جوہری مقامات پر حملہ کر دیا

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنی پوسٹ میں ایران پر کامیاب حملے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فضائیہ نے ایران کے تین اہم نیوکلیئر پلانٹس پر کامیاب بمباری کی ہے۔ ان پلانٹس میں فردو، نطنز اور اصفہان شامل ہیں۔ صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ تمام امریکی طیارے بحفاظت ایران کی فضائی حدود سے نکل چکے ہیں اور اپنے اڈوں پر واپس پہنچ چکے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ فردو کی بنیادی جوہری تنصیب پر مکمل پے لوڈ بم گرایا گیا، اور یہ حملہ امریکہ کی فوجی برتری کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا، "ہمارے عظیم امریکی جنگجوؤں کو مبارک ہو، دنیا میں کوئی اور فوج ایسا نہیں کر سکتی، اب امن کا وقت ہے۔"

بعد ازاں قوم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ امریکہ نے ایران کی نیوکلیئر سرگرمیوں کو روکنے کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے کیونکہ ایران خطے میں دہشتگردی کو فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے امن قائم نہ کیا تو مستقبل میں ہونے والے حملے پہلے سے کہیں زیادہ خطرناک ہوں گے۔ امریکہ کا مقصد ایران کی جوہری صلاحیت کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے۔