ایران کا اسرائیل پر دوسرا بڑا میزائل حملہ
Iran missile attack
فائل فوٹو
تہران: (ویب ڈیسک) مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال مزید سنگین ہو گئی، ایران نے 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل پر دوسرا بڑا حملہ کر دیا۔

عرب میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل کے مختلف شہروں پر 39 میزائل داغے، جن میں سے متعدد نے حیفہ اور مقبوضہ بیت المقدس میں اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔ حملے کے نتیجے میں حیفہ میں 2 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

عینی شاہدین اور غیر ملکی میڈیا کے مطابق میزائل حملے کے باعث اسرائیلی شہروں میں خوف و ہراس پھیل گیا، جس کے بعد ایمرجنسی سروسز کو فوری طور پر متحرک کر دیا گیا۔ حیفہ اور مقبوضہ بیت المقدس میں میزائل گرنے سے کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل ایران نے اسرائیل کے شہر بیر سبع پر میزائل حملہ کیا تھا جس میں 18 صہیونی زخمی ہوئے تھے اور صہیونی ٹیکنالوجی سینٹر سمیت متعدد عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:ایرانی قوم کو پہلی فتح کی مبارکباد دیتا ہوں،محسن رضا

 

تجزیہ کاروں کے مطابق ایران کی جانب سے جاری یہ حملے اپنے دفاع کو مضبوط بنانے کی خاطر کیے جارہے ہیں۔ اسرائیل کی دفاعی حکمت عملی پر بھی سوالات اٹھنے لگے ہیں کہ بار بار کے میزائل حملے کس طرح ان کے دفاعی نظام کو چکما دے رہے ہیں۔ عالمی برادری نے دونوں ممالک کو فوری طور پر تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔