
ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل پر ایک بار پھر میزائل داغ دیے، ایرانی حملوں کے بعد اسرائیلی شہروں حیفا ، تل ابیب اور گلیلی میں سائرن بجنے لگے۔
دوسری جانب ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی نے پاسداران انقلاب کے ایروسپیس فورس کے اڈے کا دورہ کیا اور مسلح افواج کے بلند حوصلے اور تیاریوں کی تعریف کی۔
ایرانی فوج کے سربراہ نے پاسداران انقلاب فورس کی جانب سے اسرائیلی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے پر فورس کو شاباش دی۔
اس موقع پر جوانوں سے خطاب میں ایرانی فورس کے سربراہ میجر جنرل سید عبدالرحیم موسوی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی صیہونی فورسز نے ایران کے خلاف بلاجواز جارحیت کا مظاہرہ کیا جو ایک ہفتے سےجاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کا اسرائیل پر جدید میزائل ’سجیل‘ سے حملہ
جنرل موسوی نے کہا کہ اسرائیل جارحیت کا بھرپور جواب دیں گے اور دے رہے ہیں، اللہ کے فضل و کرم سے اسرائیل میں کسی بھی مقام پر حملے کی صلاحیت رکھتے ہیں ہمارے سامنے کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔
خیال رہے کہ آج صبح ایران نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف جوابی کارروائی میں پہلی بار اپنے جدید اور دور مار بیلسٹک میزائل ’سجیل‘ کا استعمال کیا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق یہ حملہ ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے کیا گیا، جنہوں نے اس پیشرفت کو اسرائیلی دفاعی نظام کیلئے ایک نیا چیلنج قرار دیا۔
پاسداران انقلاب کے ترجمان نے دعویٰ کیا کہ سجیل میزائل دشمن کو زیر زمین پناہ گاہوں سے بھی باہر نکلنے کا موقع نہیں دے گا، یہ میزائل غیر معمولی رفتار، طاقت اور درستگی رکھتا ہے جو اسرائیلی ایئر ڈیفنس سسٹمز کو چکمہ دے سکتا ہے۔