ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بنا رہا تھا: سربراہ آئی اے ای اے
IAEA Iran statement about Iran nuclear programme
فائل فوٹو
تہران:(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ رافیل گروسی نے ایران کیخلاف ایٹمی ہتھیار بنانے کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ رافیل گروسی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ایران کی جانب سے ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوئی مربوط کوشش نہیں کی جا رہی تھی۔

رافیل گروسی نے اپنے تازہ بیان میں واضح کیا کہ ایران کی 60 فیصد تک یورینیم افزودگی پر ضرور شبہات پیدا ہوئے تھے، تاہم اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ ایران ایٹمی ہتھیار بنا رہا تھا،ہم نے کبھی بھی یہ دعویٰ نہیں کیا کہ ایران نے ایٹمی ہتھیار بنانے کا آغاز کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ آئی اے ای اے کے سربراہ کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں ایران کے جوہری پروگرام پر عالمی سطح پر شدید بحث جاری ہے، اور اسرائیل سمیت بعض ممالک ایران پر ایٹمی ہتھیار بنانے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:وائٹ ہاؤس جا کر کبھی بھی نہیں گڑگڑائے، ایران

رافیل گروسی کا کہنا تھا کہ ایجنسی کی تحقیقات شواہد پر مبنی ہوتی ہیں، اور اب تک ایسا کوئی ثبوت نہیں ملا جس سے یہ کہا جا سکے کہ ایران ایٹمی ہتھیار بنانے کے قریب ہے۔

دوسری جانب تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئی اے ای اے کا یہ بیان عالمی برادری کیلئے ایک اہم اشارہ ہے کہ ایران پر عائد الزامات کو حقائق کی کسوٹی پر پرکھنا ضروری ہے، نہ کہ سیاسی مفادات کی روشنی میں جھوٹے الزامات لگا کر ایران کیخلاف پروپیگنڈا کیا جائے۔