وائٹ ہاؤس جا کر کبھی بھی نہیں گڑگڑائے، ایران
Iranian UN mission about trump statement
فائل فوٹو
تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے صدر ٹرمپ کے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی درخواست کے دعوے کی تردید کردی۔

ایران نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے کو سختی سے مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ایرانی حکام وائٹ ہاؤس میں ملاقات کی درخواست کیلئے بے قرار تھے۔

اقوام متحدہ میں ایرانی مشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کوئی ایرانی عہدیدار کبھی وائٹ ہاؤس کے دروازے پر جا کر گڑگڑایا نہیں، یہ دعویٰ بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرمپ کا جھوٹ اپنی جگہ، لیکن اس سے زیادہ قابلِ نفرت بات ایران کے سپریم لیڈر کے قتل کی دھمکی ہے، جو بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ایران کا اسرائیل پر جدید میزائل ’سجیل‘ سے حملہ

ایرانی مشن نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ ایران کسی بھی قسم کے دباؤ میں امن کو قبول نہیں کرتا، خاص طور پر ایسے شخص کے ساتھ جو جنگ پسندی کے ذریعے خود کو اہم ثابت کرنے کی کوشش کر رہا ہو۔

واضح رہے کہ یہ ردعمل ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک امریکی اخبار کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران جلد ہی ٹرمپ کی ملاقات کی پیشکش کو قبول کر لے گا، جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں زور پکڑ گئی تھیں کہ پس پردہ سفارتی سرگرمیاں جاری ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق ایرانی بیان امریکا کو واضح پیغام ہے کہ ایران اپنی خودداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، چاہے دباؤ کتنا ہی شدید کیوں نہ ہو۔