
ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے ایجنٹ نے گرفتاری کے وقت خودکشی کی کوشش کی ، ایرانی حکام نے اسرائیلی ایجنٹ کی سائینائیڈ کی گولی کھانے کی کوشش کو ناکام بنایا۔
ایرانی میڈیا کی جانب سے مزید کہا گیا کہ اسرائیلی ایجنٹ قبضے میں ہے ، بہت جلد میڈیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
ایرانی پولیس چیف بریگیڈیئر جنرل احمد رضا رادان نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے ملک کے اندر اسرائیل کے جاسوسی نیٹ ورکس کو کاری ضرب لگائی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران کا میزائل پروگرام
موساد ایجنٹ کی گرفتاری کے حوالے سے جنرل احمد رضا کا کہنا تھا کہ مذکورہ جاسوس کے پاس بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد، ریموٹ کنٹرولز اور جاسوسی کا سامان موجود تھا، اس حوالے سے مزید تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔
دوسری جانب امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کی تیاری مکمل کر لی ہے ، امریکی اڈوں پر حملہ عراق سے شروع ہوسکتا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ امریکا کی جانب سے حملوں خصوصاً فردو جوہری تنصیب پر حملے کی صورت میں ایران کا ردعمل سنگین ہوگا،ایران آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھانے کی حکمت عملی اپنا سکتا ہے۔