اسرائیلی طیارے ترکی میں داخل، ترک حکام کا بڑا اقدام
 Turkish F-16 response
فائل فوٹو
انقرہ:(ویب ڈیسک) مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جب اسرائیلی جنگی طیارے مبینہ طور پر ترکی کی فضائی حدود میں داخل ہو گئے۔

ترک میڈیا کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے یہ طیارے ایران پر ممکنہ حملے کے مشن پر تھے، تاہم ترک فضائیہ نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے انہیں خبردار کیا اور ترک حدود سے نکلنے پر مجبور کر دیا۔

ترک اخبار ینی شفق کے مطابق اسرائیلی جنگی طیارے مختصر وقت کیلئے ترکی کی مشرقی فضائی حدود میں داخل ہوئے، لیکن ترک فضائیہ کے ایف-16 طیارے فوری حرکت میں آئے اور اسرائیلی طیاروں کو وارننگ جاری کی۔ اس وارننگ کے بعد اسرائیلی طیارے فوری طور پر واپس لوٹ گئے۔

ذرائع کے مطابق ترکی کو اپنے انٹیلی جنس نیٹ ورک کے ذریعے پہلے ہی اس ممکنہ دراندازی کی اطلاعات مل چکی تھیں۔

ترک حکام نے بتایا کہ نیٹو رکن ملک ہونے کے ناطے ترکی اپنی فضائی حدود کی مکمل حفاظت کیلئے ہائی الرٹ پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈونلڈ ٹرمپ کی ایرانی سپریم لیڈر کو مارنے کی دھمکی

ترک فضائیہ نے واضح کیا ہے کہ مشرقی سرحدوں پر 24 گھنٹے نگرانی جاری ہے اور کسی بھی غیر ملکی دراندازی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خطے میں ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، اور کسی بھی اشتعال انگیز کارروائی کے اثرات عالمی سطح پر مرتب ہو سکتے ہیں۔

ترک عوام اور عسکری حلقے اس پیش رفت کو انتہائی سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔