ڈونلڈ ٹرمپ کی ایرانی سپریم لیڈر کو مارنے کی دھمکی
 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو مارنے کی دھمکی دے دی۔
فائل فوٹو
واشنگٹن: (سنو نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو مارنے کی دھمکی دے دی۔

سوشل میڈیا ایپ ٹروتھ سوشل پر اپنے ایک پیغام میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ہمارے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے،ہم بخوبی جانتے ہیں نام نہاد "سپریم لیڈر" کہاں چھپا ہوا ہے،وہ ایک آسان ہدف ہے، لیکن وہ وہاں محفوظ ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم ایرانی سپریم لیڈر کو باہر نہیں نکالیں گے بلکہ مار ڈالیں گے لیکن ابھی نہیں، ہم نہیں چاہتے کہ شہریوں یا امریکی فوجیوں پر میزائل داغے جائیں، اس معاملے پر آپ کی توجہ کا شکریہ۔

علاوہ ازیں اپنے ایک اور پیغام میں امریکی صدر نے ایران کی فضاؤں پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ اب ایران کے آسمانوں پر ہمارا مکمل کنٹرول ہے،ایران کے پاس اچھے اسکائی ٹریکرز اور دیگر دفاعی ساز و سامان کافی مقدار میں تھے لیکن ان کا موازنہ امریکی ساختہ، اور تیار کردہ سامان سے نہیں ہوتا۔

یہ بھی پڑھیں: ایرانی سپریم لیڈر کو قتل کرنے کا اسرائیلی منصوبہ بے نقاب

خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی عہدیداروں نے خبرایجنسی کو تصدیق کی تھی کہ اسرائیل ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو قتل کرنا چاہتا تھا تاہم امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کے سپریم لیڈر کو قتل کرنے کے اسرائیلی منصوبے کو ویٹو کر دیا۔

امریکی حکام کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کو قتل کرنے کے منصوبے میں اسرائیل کا ساتھ نہیں دیا۔

رائٹرز کی جانب سے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھاکہ دو امریکی حکام نے بتایا اسرائیل کی جانب سے ایرانی سپریم لیڈر کو قتل کرنے کی یہ تجویز حالیہ دنوں میں دی گئی تھی تاہم صدر ٹرمپ نے سختی سے انکار کر دیا۔