
ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی فوج کے چیف آف سٹاف عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ صیہونی ریاست کو سزا دینے کا وقت آگیا ہے ،ہمارے شہریوں کو شہید کرنے والے صیہونیوں کو درد ناک سزا دیں گے ۔
چیف آف اسٹاف ایرانی مسلح افواج کا کہنا تھا کہ بزدل صیہونیوں نے عام شہریوں کو نشانہ بنایا، اپنے شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا بدلہ لیں گے ۔
عبدالرحیم موسوی کا مزید کہنا تھا کہ ایران کی اب تک کارروائی اسرائیل کو روکنے کیلئے ایک انتباہ تھا، اسرائیل کے خلاف اصل آپریشن جلد انجام دیا جائے گا۔
علاوہ ازیں ایرانی وزارت دفاع کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ہمارا آج کا آپریشن اسرائیلیوں کے لیے سرپرائز تھا اور ایسے مزید بھی سرپرائز انہیں ملیں گے، صیہونی حکومت طویل جنگ برداشت نہیں کر سکتی۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کے ایران پر حملے، تہران نے بھی جوابی میزائل داغ دیے
ایرانی وزارت دفاع کی جانب سے کہا گیا کہ ایرانی فوج ایسے جدید نظام سے مسلح ہے جسے ابھی تک ظاہر نہیں کیا گیا۔
ایران کی وزارت دفاع نے اسرائیل کے ملٹری انٹیلی جنس کے مرکز اور خفیہ ایجنسی موساد کے آپریشن پلاننگ سینٹر پر حملے کی بھی تصدیق کردی۔
وزارت دفاع کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس سائٹ کو میزائل سے نشانہ بنایا گیا، آج کے حملے میں ایسے میزائل استعمال کیے جن کو نہ ٹریک کیا جاسکتا ہے نہ روکا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے اسرائیل پر بڑے حملے کی تیاری کر لی ہے، ایرانی سینئر کمانڈر نے ایک پیغام میں کہا کہ اسرائیلی شہری حیفہ اور تل ابیب خالی کردیں۔