اسرائیل کا ایرانی سرکاری ٹی وی پر حملہ، خاتون اینکر بال بال بچ گئیں
صہیونی فورسز کے اسرائیل پر فضائی حملوں کا سلسلہ نہ رک سکا۔
فائل فوٹو
تہران: (سنو نیوز) صہیونی فورسز کے اسرائیل پر فضائی حملوں کا سلسلہ نہ رک سکا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل کے تازہ حملوں کے بعد ایرانی دارالحکومت تہران میں زور دار دھماکے سنے گئے، اسرائیلی حملے میں تہران میں ایرانی سرکاری ٹی وی کو نشانہ بنایا گیا، ایرانی ٹی وی پر براہ راست نشریات کے دوران  حملہ کیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کے ایرانی نیوز چینل پرحملے کے بعد نیوز اسٹوڈیومیں دھواں پھیل گیا جبکہ چھت کا ملبہ خاتون نیوز اینکر پر گرا، خاتون اینکر خوفزدہ ہو کر سٹوڈیو سے باہر چلی گئیں تاہم کچھ دیر بعد ایرانی سرکاری ٹی وی کی اینکر سحر امامی نشریات کیلئے دوبارہ واپس آگئیں۔

ایرانی ٹی وی اینکر سحر امامی نے کہا کہ اسرائیل کا نشانہ سرکاری ٹی وی کی عمارت نہیں بلکہ حق اور سچ کی آواز تھی، دشمن چاہے آواز دبانے کی کوشش کرے، سچ بولنے والے کبھی پیچھے نہیں ہٹتے۔

ترجمان ایرانی وزارت خارجہ

ایرانی سرکاری ٹی وی پر صیہونی فورسز کے حملے پر ردعمل میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ اسرائیل سچ کا سب سے بڑا دشمن ہے، سرکاری ٹی وی پر حملہ جنگی جرم اور شیطانی حرکت ہے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فوری ایکشن لے اس نسل کش رجیم کو روکے ۔

ایران کا جوابی وار، میزائل داغ دیے

دوسری جانب ایران نے بھی اسرائیل پر ایک بار پھر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کردیا، اسرائیل کے پورٹ سٹی حیفا کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلیوں کیلئے آج کی رات دن کا سماں ہوگا۔

علاوہ ازیں ایران نے اسرائیل کا چوتھا ایف 35 طیارہ مار گرانے کا دعویٰ کیا ہے، ایرانی میڈیا کے مطابق تبریز میں اسرائیلی جنگی طیارے کو مار گرایا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کا اسرائیل پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ

خیال رہے کہ کچھ دیر قبل ایرانی ٹی وی نے تل ابیب کو شہریوں کو وارننگ جاری کی تھی۔

یادرہے کہ آج بھی ایران کی جانب سے اسرائیل پر 100 کے قریب بیلسٹک میزائل داغے گئے تھے جس سے وسطی اسرائیل میں بجلی کا نظام معطل ہو گیا تھا، ایرانی حملے میں 8 اسرائیلیوں کے ہلاک اور 67 کے قریب زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے اسرائیل پر حملوں میں اب تک 25 اسرائیلی ہلاک جبکہ 450 کے قریب زخمی ہو چکے ہیں جبکہ اسرائیلی حملوں میں 224 ایرانی شہری شہید ہوئے ہیں۔