
ایران کے سرکاری میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ایران کے نئے صدر مسعود پزشکیان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ اس گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔
سعودی ولی عہد نے اس موقع پر ایران کے صدر کو یقین دلایا کہ سعودی عرب ایران کی دانش مندانہ قیادت پر اعتماد رکھتا ہے اور توقع کرتا ہے کہ ایران، تل ابیب کی اشتعال انگیزی کو ناکام بنانے میں کامیاب ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پوری اسلامی دنیا ایران کی حمایت میں متحد ہے۔
ولی عہد محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت کے عزائم واضح ہیں، وہ خطے کو ایک وسیع جنگ کی جانب دھکیل کر عالمی طاقتوں، خصوصاً امریکا کو اس تنازعے میں گھسیٹنا چاہتی ہے، جس سے مشرقِ وسطیٰ کا امن مکمل طور پر خطرے میں پڑ جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:ایران کی این پی ٹی سے علیحدگی کی دھمکی
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے فون پر گفتگو کے دوران کہا کہ اُنہوں نے منصب سنبھالنے کے بعد سے مسلسل خطے میں امن، سلامتی اور استحکام کی کوششیں کیں، مگر جب بھی وہ اس ہدف کے قریب پہنچتے، اسرائیل ان کوششوں کو ثبوتاز کر دیتا ہے۔
صدر نے امید ظاہر کی کہ سعودی عرب اور ایران مل کر خطے کو پرامن بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
خیال رہے کہ یہ رابطہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں جنگ کے بادل مزید گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔