
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب سعید ایراوانی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک رسمی خط جمع کرایا ہے، جس میں برطانیہ، فرانس اور جرمنی پر ایران کیخلاف بے بنیاد الزامات لگانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
خط میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر ان تینوں یورپی ممالک نے ایران پر پابندیاں بحال کرنے کی کوششیں جاری رکھیں تو تہران ایٹمی عدم پھیلاؤ کے عالمی معاہدے، یعنی این پی ٹی سے علیحدگی اختیار کرلے گا۔
ایرانی مندوب نے خط میں واضح کیا کہ مغربی ممالک کی غیر منصفانہ پالیسیوں کا ایران متناسب جواب دے گا، ایران نے اقوام متحدہ کے چارٹر اور این پی ٹی کے آرٹیکل 10 کے تحت قانونی حق رکھتے ہوئے اس معاہدے سے الگ ہونے کا عمل شروع کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران کا اسرائیل پر ایک اور بیلسٹک میزائل حملہ
سعید ایراوانی نے مزید کہا کہ ایران بین الاقوامی قوانین کا احترام کرتا ہے، مگر خودمختاری اور قومی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایران کے اس سخت موقف سے عالمی سطح پر تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، کیونکہ این پی ٹی سے علیحدگی کا مطلب خطے میں ایٹمی کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ہے۔