
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایران پر اسرائیلی حملے کے بعد ایران، عراق، اردن، شام، لبنان اور اسرائیل نے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں، جس کے باعث درجنوں بین الاقوامی پروازوں کو منسوخ کرنا پڑا جبکہ 30 بھارتی پروازوں کا رخ موڑ دیا گیا۔
بھارتی ذرائع کے مطابق گزشتہ رات دہلی سے ایران کی طرف جانے والی دو پروازیں ایران کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد وہیں روک دی گئیں اور مختصر انتظار کے بعد واپس بھیج دیا گیا۔
ان فضائی بندشوں کے باعث نیویارک، واشنگٹن، ٹورنٹو، وینکور، شکاگو، لندن اور یورپ سے بھارت جانے والی متعدد پروازیں ویانا، فرینکفرٹ، جدہ اور شارجہ میں اتاری گئیں۔ امریکہ، برطانیہ، کینیڈا اور یورپی ممالک کی درجنوں پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جس سے ہزاروں مسافر متاثر ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:اسرائیل کا دفاع کرنے والے ممالک بھی نشانہ پر ہوں گے،ایران
واضح رہے کہ نئے متبادل روٹس کے تحت امریکہ سے بھارت جانے والی پروازیں اب کینیڈا، روس، منگولیا، چین، میانمار اور بنگلا دیش کے راستے منزل تک پہنچ رہی ہیں، جس کے باعث سفر کے دورانیے میں تین سے چار گھنٹے کا اضافہ ہو رہا ہے۔ جدہ سے دہلی کی پرواز جس کا دورانیہ 15 گھنٹے تھا، اب 18 گھنٹے سے زائد ہو گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر فضائی حدود بندش کا سلسلہ جاری رہا تو بھارت کی فضائی کمپنیوں کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا، جبکہ کرایوں میں بھی غیرمعمولی اضافہ متوقع ہے۔