
تفصیلات کے مطابق ایرانی اعلیٰ عہدیدار نے نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اسرائیل پر حملے مزید تیز کریں گے اور جو بھی ملک اسرائیل کے دفاع کی کوشش کرے گا، اُس کے فوجی اڈوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔
ایرانی عہدیدار نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کو بین الاقوامی قوانین کے تحت اسرائیلی جارحیت کیخلاف فیصلہ کن جواب دینے کا حق حاصل ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جو بھی ملک ایران کی کارروائیوں کیخلاف اسرائیل کا دفاع کرے گا اُس ملک کے فوجی اڈے ایران کے اگلے اہداف پر ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:اسرائیل پر خیبر میزائل داغے جائیں گے، دنیا دیکھتی رہ جائے گی: ایران
ذہن نشین رہے کہ اس سے قبل جمعے کے روز امریکی اور اسرائیلی ذرائع نے امریکی نشریاتی ادارے کو بتایا تھا کہ امریکی فوج نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر داغے گئے میزائلوں کو روکنے میں مدد فراہم کی تھی۔ اسرائیلی ذرائع نے انکشاف کیا کہ خطے کے دیگر ممالک نے بھی اسرائیلی فضائی دفاعی نظام کی حمایت کی۔
واضح رہے کہ ایران نے آج علی الصبح اسرائیل پر چوتھا بڑا میزائل حملہ کیا ہے۔ تازہ حملے میں کئی میزائل داغے گئے جن میں سے ایک تل ابیب کے وسطی علاقے میں اپنے ہدف پر آن گرا، دھماکوں کی آوازیں تل ابیب اور یروشلم میں سنی گئیں،جس کے بعد شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔