ایران کی اسرائیل پر جوابی کارروائی، بیلسٹک میزائل داغ دیے
ایران نے اسرائیل پر جوابی کارروائی شروع کردی، تہران کی جانب سے تل ابیب پر بیلسٹک میزائل داغ دیے گئے۔
فوٹو سکرین گریب
تل ابیب: (سنو نیوز) ایران نے اسرائیل پر جوابی کارروائی شروع کردی، تہران کی جانب سے تل ابیب پر بیلسٹک میزائل داغ دیے گئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی ڈیفنس فورس کی جانب سے دعویٰ سامنے آیا ہے کہ ایران نے اسرائیل پر بیلسٹک میزائلوں سے جوابی حملہ کیا ہے، ایران سے وسطی اسرائیل کی جانب سے 100 سے زائد راکٹ داغے گئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی ڈیفنس فورس کے مطابق ایرانی حملوں سےپورا اسرائیل آگ کی زد میں ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق تل ابیب اور یروشلم میں سائرن کی آوازیں گونج اٹھی ہیں جبکہ تل ابیب میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، ایرانی راکٹ حملے کے بعدتل ابیب میں دھویں کے بادل چھا گئے ہیں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے کہا ہے فضائی دفاعی نظام میزائلوں کو روکنے کے لیے کام کررہا ہے، اسرائیلی شہری تا حکم ثانی محفوظ مقامات پر رہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق ایران نے اسرائیل کے 5 مقامات کو نشانہ بنایا ہے، ایرانی فضائیہ نے دو اسرائیلی طیارے مار گرانے اور خاتون پائلٹ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایران کے سپریم لیڈرآیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ اسرائیل کو بڑا نقصان اٹھانا پڑے گا، اسرائیل کو مارو اور بھاگو طرزکےحملےکرنےکی اجازت نہیں دیں گے، ایرانی مسلح فورسز اسرائیل کو بے بس کر دیں گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ شب اسرائیل نے ایران میں فوجی و جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا، اسرائیلی حملے میں مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری، پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی، فوجی کمانڈرز اور 6 جوہری سائنسدانوں سمیت 78 افراد کی شہادت اور 329 افراد کے زخمی ہونے کی خبریں سامنے آئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کا ایران پر فضائی حملہ، جوہری اہداف کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

بعدازاں ایرانی میڈیا کی جانب سے ایرانی آرمی چیف جنرل محمد باقری ، پاسداران انقلاب کے کمانڈر جنرل حسین سلامی ، پاسداران انقلاب کے سینئر کمانڈرغلام علی راشد ، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر تہرانچی ، ڈاکٹر فریدون عباسی ، القدس فورس کے سینئر کمانڈراسماعیل قانی اور ایرانی جوہری پروگرام کے سربراہ علی شمخانی کی شہادت کی تصدیق کی گئی تھی۔

اسرائیلی حملوں کے بعد ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے دشمن کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا تھا کہ صیہونی ریاست نے ہماری سرزمین کیخلاف گھناؤنا جرم کیا ہے، رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنا کر اپنی بدنما فطرت کااظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں، اللہ نے چاہا تو ایران کی مسلح افواج کے مضبوط بازو اسرائیل کو سزا دیے بغیر نہیں رکیں گے، اسرائیل سخت سزا کا انتظار کرے۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ اسرائیل نے اپنے لیے تلخ اور تکلیف دہ قسمت کا انتخاب کیا ہے اور اس میں شک ہی نہیں کہ اسے یہ سزا ضرور ملے گی۔