عبوری افغان حکومت کی ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت
 افغانستان کی عبوری حکومت کی جانب سے بھی ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
فائل فوٹو
کابل: (ویب ڈیسک) افغانستان کی عبوری حکومت کی جانب سے بھی ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد اپنے ایک بیان میں کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان، ایران پر اسرائیلی حملوں، فوجی قیادت اور ایٹمی سائنسدانوں کے قتل کی مذمت کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا ایران پر حملہ عالمی قوانین کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے، خاص طور پر یہ ایران کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہے اور ہم اسرائیل کے اس عمل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

ترجمان افغان حکومت کا کہنا تھاکہ اسرائیل نے جارحیت ایک ایسے وقت میں کی جب مظلوم فلسطینی عوام بالخصوص غزہ میں آج بھی صیہونی فورسز کے تباہ کن حملے جاری ہیں اور قابض اسرائیلی حکومت پُرتشدد کارروائیاں کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کا اسرائیل کیخلاف جنگ کا اعلان متوقع،اسرائیلی میڈیا

ذبیح اللہ مجاہد نے ایران پر اسرائیلی حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے تشدد کو بڑھاوا دینے والے ایسے اقدامات کی وجہ سے خطہ کشیدہ اور تشویشناک صورتحال اختیار کر چکا ہے۔

افغان حکومت کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ امارت اسلامیہ افغانستان کا فریقین سے مطالبہ ہے کہ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا جائے اور علاقائی استحکام و سلامتی کو ہر صورت برقرار رکھا جائے، اس مسئلے کو پوری ذمہ داری کے ساتھ حل کیا جائے اور خطے میں عدم استحکام اور عدم تحفظ کو مزید پھیلنے سے روکا جائے ۔