
بھارتی میڈیا کے مطابق ایئر انڈیا کے بدقسمت طیارے میں خوش قسمتی سے زندہ بچ جانے والا سیٹ نمبر 11 اے پر بیٹھا تھا، مسافر کے سینے، آنکھوں اور پیروں پر بیشتر زخم آئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ وشواش کمار رمیش ایک برطانوی شہری ہے جو اپنے اہلخانہ سے ملنے کچھ روز کیلئے بھارت آیا تھا اور اپنے بھائی اجے کمار رمیش کے ساتھ واپس لندن جا رہا تھا۔
زندہ بچ جانے والے مسافر نے بتایا کہ ٹیک آف کے صرف 30 سیکنڈ بعد ایک زوردار آواز سنائی دی اور پھر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، یہ سب بہت جلدی ہوا، جب مجھے ہوش آیا تو میرے اردگرد لاشیں تھیں، میں بہت خوفزدہ تھا، میں اٹھا اور بھاگا، ہوائی جہاز کا ملبہ ہر طرف بکھرا پڑا تھا، کسی نے مجھے ایمبولینس میں ڈال کر ہسپتال پہنچایا۔
یہ بھی پڑھیں: ایئرانڈیا کا طیارہ تباہ، 241 افراد ہلاک، ایک زندہ بچ گیا
وشواش کمار رمیش کا کہنا تھا کہ وہ اور اس کا بھائی اجے ہوائی جہاز میں مختلف قطاروں میں بیٹھے تھے جوکہ اب لاپتہ ہے۔
خیال رہے کہ بھارت کے شہر احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب ایئرانڈیا کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس میں 241 افراد ہلاک جبکہ ایک مسافر وشواش کمار رمیش معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بوئنگ 787 ڈریم لائنر تھا، جو فلائٹ نمبر AI-117 کے تحت احمد آباد سے لندن کے گیٹ وِک ایئرپورٹ کیلئے روانہ ہوا تھا، بدقسمت طیارہ دوپہر ایک سے 2 بجے کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔