بھارت: ایئرانڈیا کا طیارہ تباہ، 241 افراد ہلاک، ایک زندہ بچ گیا
 بھارت کے شہر احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب ایئرانڈیا کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس میں سوار عملے کے 12 ارکان سمیت تمام 242 افراد ہلاک ہو گئے۔
بھارتی طیارے کی تباہی کے بعد لی گئی تصویر
احمد آباد: (ویب ڈیسک) بھارت کے شہر احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب ایئرانڈیا کا طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس میں 241 افراد ہلاک جبکہ ایک مسافر معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بوئنگ 787 ڈریم لائنر تھا، جو فلائٹ نمبر AI-117 کے تحت احمد آباد سے لندن کے گیٹ وِک ایئرپورٹ کیلئے روانہ ہوا تھا، بدقسمت طیارہ دوپہر ایک سے 2 بجے کے دوران حادثے کا شکار ہوا۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ طیارہ احمد آباد ایئرپورٹ سے پرواز کے کچھ ہی دیر بعد فنی خرابی کا شکار ہوا اور قریبی گنجان آباد علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے شکار طیارے میں سابق وزیراعلیٰ گجرات وجے روپانی، 169 بھارتی شہری، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی شہریوں سمیت 11 بچے بھی موجود تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طیارہ حادثے میں 241 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ ایک مسافر معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا۔

احمد آباد کے پولیس کمشنر جی ایس ملک نے بھارتی خبر ایجنسی سے ٹیلیفونک گفتگو میں بتایا کہ پولیس کو سیٹ 11 اے کا ایک مسافر زندہ ملا جسے ہسپتال منتقل کردیا گیا اور طبی امداد دی جارہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 38 سالہ رمیش وشواش کمار نامی مسافر سیٹ 11 اے پر سوار تھا، رمیش نے کھڑکی سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی تاہم اسے گہری چوٹیں آئیں۔

بھارتی ڈی جی سول ایوی ایشن کے مطابق طیارہ گرنے سے قبل ایک بج کر39 منٹ پرکیپٹن نے مے ڈے کی کال دی تاہم فوری طور پر پائلٹ ایئرٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا، حادثے کا شکار بوئنگ 787 طیارہ 11 سال پرانا تھا۔

عینی شاہدین کے مطابق طیارے کے گرنے سے زور دار دھماکہ ہوا اور قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔

دوسری جانب ہوائی اڈے کے ترجمان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ایئرانڈیا کے طیارے کے حادثے کے باعث سردار ولبھ بھائی پٹیل بین الاقوامی ہوائی اڈے کو غیر فعال کردیا گیا ہے ، تمام پروازوں کی آمد و رفت تا حکم ثانی عارضی طور پر معطل رہے گی۔