
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس واقعے میں ایک بلی کو جیل میں منشیات سمگل کرنے کے لیے استعمال کیا گیا جسے جیل کے عملے نے وقت پر کارروائی کرتے ہوئے پکڑ لیا۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب رات کے وقت جیل کے سکیورٹی اہلکاروں نے ایک بلی کو جیل کی خار دار باڑ پھلانگتے ہوئے مشکوک انداز میں جیل کے اندر داخل ہوتے دیکھا۔
مشکوک حرکات کے باعث جب بلی کا معائنہ کیا گیا تو اس کی پیٹھ سے دو پیکٹ بندھے ہوئے پائے گئے جن میں سے تقریباً 236 گرام چرس اور 68 گرام ہیروئن برآمد ہوئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بلی کو فوری طور پر نیشنل اینیمل ہیلتھ سروسز کے حوالے کر دیا گیا تاکہ اس کی صحت اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
ماہرین کے مطابق حالیہ برسوں میں جانوروں، خصوصاً بلیوں اور کبوتروں کو منشیات اور دیگر ممنوعہ اشیاء سمگل کرنے کے لیے استعمال کرنے کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اس سے قبل بھی پاناما، روس اور امریکہ سمیت کئی ممالک میں ایسے کیسز سامنے آ چکے ہیں جن میں جانوروں کے ذریعے جیلوں میں موبائل فون، چارجرز اور منشیات پہنچانے کی کوشش کی گئی۔