جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن پاکستان کے حق میں جھک چکا،فرانسیسی ماہر
Pakistan India Conflict
فائل فوٹو
پیرس:(ویب ڈیسک) بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں مسلسل محاذی شکستوں کا سامنا ہے،جسے اب بین الاقوامی ماہرین بھی اس حقیقت کا اعتراف کرنے لگے ہیں۔

معروف فرانسیسی ماہرِ سیاسیات کرسٹوف جیفریلو نے اپنی تازہ رپورٹ میں بھارت کی کمزوریوں اور پاکستان کی دفاعی برتری کو تفصیل سے بیان کیا ہے۔

کرسٹوف جیفریلو کے مطابق حالیہ کشیدہ صورتحال میں پاکستان کی دفاعی حکمت عملی، چین کے ساتھ اس کی اسٹریٹجک شراکت داری اور جدید چینی ہتھیاروں نے جنگ کا رخ مکمل طور پر پاکستان کے حق میں موڑ دیا۔

ان کا کہنا ہے کہ بھارت نے پاکستان کو کمزور اور غیر منظم سمجھنے کی تاریخی غلطی کی، جو اب اس کیلئے ایک بھاری نقصان کا باعث بن چکی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نہ صرف ایک مضبوط ایٹمی طاقت ہے بلکہ چین کی پشت پناہی اسے ناقابلِ تسخیر بنا چکی ہے۔

جیفریلو نے خبردار کیا کہ اگر بھارت انڈس واٹر ٹریٹی کو سیاسی یا جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کرے گا تو اسے پاکستان کی ایٹمی طاقت کو ہر صورت میں مدنظر رکھنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:1400 شہریوں کے قتل کا الزام،حسینہ واجد پر فرد جرم عائد

فرانسیسی ماہر نے مزید کہا کہ پاکستان نے سفارتی، عسکری اور سیاسی ہر محاذ پر بھرپور تیاری کا مظاہرہ کیا ہے، جس نے بھارت کو عالمی سطح پر دفاعی پوزیشن میں دھکیل دیا ہے۔ ان کے بقول یہ صرف ایک سرحدی فتح نہیں بلکہ اس کے گہرے اثرات بھارت کی اندرونی سیاست، عوامی رائے اور مودی حکومت کے جارحانہ بیانیے پر مرتب ہوں گے۔

انہوں نے بھارت کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی اسٹریٹجک سوچ میں بنیادی تبدیلی لائے، کیونکہ اب جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن پاکستان کے حق میں جھک چکا ہے۔

واضح رہے کہ ان کا تجزیہ بین الاقوامی میڈیا اور تھنک ٹینکس میں بھی توجہ حاصل کر رہا ہے، جو جنوبی ایشیا کی نئی دفاعی حقیقتوں کو تسلیم کرنے پر مجبور ہو چکے ہیں۔