لیبیا کے شہری کی حج پر معجزاتی روانگی کا ایمان افروز واقعہ
لیبیا کے شہری عامر قذافی کی حج پر جانے کی معجزاتی کہانی نے سننے والوں کے دلوں کو حیرت اور ایمان سے بھر دیا۔
لیبیا کے شہری عامر قذافی کی ایئرپورٹ پر لی گئی تصویر
تریپولی: (ویب ڈیسک) لیبیا کے شہری عامر قذافی کی حج پر جانے کی معجزاتی کہانی نے سننے والوں کے دلوں کو حیرت اور ایمان سے بھر دیا۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق لیبیا کے نوجوان عامر المہدی منصور ال قذافی حج کے ارادے کی غرض سے لیبیا ائیر پورٹ پہنچے لیکن انہیں اپنی کنیت"قذافی" کے سبب مشکل سے دوچار ہونا پڑا یہاں کہ انہیں سکیورٹی مسائل کا کہہ کر جہاز میں سوار ہونے کی اجازت بھی نہ دی گئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ امیگریشن حکام نے عامر کے دیگر ساتھیوں کو جہاز میں سوار ہونے کی اجازت دی لیکن عامر قذافی کو کاؤنٹر پر سفری کارروائیاں مکمل ہونے کیلئے طویل انتظار کرنا پڑا یہاں تک کہ جہاز کی روانگی کا وقت ہو گیا اور جہاز کے دروازے بند کر دیئے گئے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ امیگریشن کی جانب سے جب تک عامر قذافی کی سکیورٹی کارروائی مکمل کی گئی تب تک جہاز کے دروازے بند ہوچکے تھے جس کے بعد پائلٹ نے طیارے کی کی روانگی کا مقررہ وقت ہونےکا کہہ کر دروازے دوبارہ کھولنے سے انکار کر دیا اور یوں یہ طیارہ عامر قذافی کے بغیر منزل کی جانب روانہ ہو گیا۔

طیارے کی روانگی کے باوجود عامر قذافی کو اللہ پر توکل تھا اور انہوں نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "میں ائیرپورٹ سے اس وقت تک نہیں جاؤں گا جب تک کہ انشااللہ حج کی طرف روانہ نہ ہوجاؤں"، اور پھر وہ معجزہ ہوا جس نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

رپورٹس کے مطابق ایئرپورٹ رڈار پر اطلاع موصول ہوئی کہ طیارہ فنی خرابی کے سبب مرمت کی غرض سے ائیر پورٹ واپس آرہا ہے، مرمت کے بعد طیارے کے پائلٹ سے عملے نے درخواست کی کہ ایک مسافر پہلے روانگی کے وقت ایئرپورٹ پر ہی رہ گیا تھا ، اسے اب سوار کرلیں؟

پائلٹ نے اب بھی نفی میں جواب دیا لیکن اس کے باوجود عامر کو اللہ پر بھروسہ تھا اور وہ یوں ائیر پورٹ پر ہی موجود رہے، جہاز ایک بار پھر روانہ ہوا لیکن اس بار بھی اطلاع آئی کہ طیارہ دوبارہ کسی خرابی کے باعث واپس آ رہا ہے۔

جہاز اترا اور فنی خرابی کی جانچ پڑتال کے بعد پائلٹ نے اعلان کیا کہ’قسم کھاتا ہوں کہ جہاز اب عامر قذافی کے بغیر نہیں اڑسکتا، اس وقت تک جہاز نہیں اڑاؤں گا جب تک عامر سوار نہ ہو جائے‘۔

رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ پائلٹ کے اس اعلان کے بعد امیگریشن حکام نے جلد از جلد عامر قذافی کو سفر کلیئرنس دی اور پھر طیارہ تیسری کوشش پر عامر کے ساتھ بغیر کسی فنی خرابی اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہوگیا۔