پاکستان نے 5 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے، بی جے پی رہنما کا اعتراف
Rafale Jets Downed
فائل فوٹو
نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر سبرامنین سوامی نے پاکستان کے ہاتھوں 5 بھارتی جنگی طیارے مار گرائے جانے کا اعتراف کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق سبرامنین سوامی نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ پاکستان نے ہمارے 5 طیارے مار گرائے ہیں، جن میں 3 رافیل طیارے بھی شامل تھے۔

انہوں نے رافیل طیاروں کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فرانس کے جہاز اتنے اچھے نہیں تھے، جو جہاز پاکستان کو دیے گئے وہ بہت اچھے نکلے۔

یاد رہے 7 مئی کو بھارت کی جانب سے پاکستانی سرزمین پر مبینہ جارحیت کے بعد پاک فضائیہ نے بھرپور جواب دیتے ہوئے بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے تھے، جن میں رافیل بھی شامل تھے۔ عالمی میڈیا نے اسے بھارت کیلئے ذلت آمیز فضائی شکست قرار دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:رافیل کی تباہی پر فرانسیسی فوج کا ردعمل سامنے آگیا

اس سے قبل 9 مئی کو ایک پریس بریفنگ کے دوران بھارتی فضائیہ کے ایئر مارشل اے کے بھارتی سے رافیل طیاروں کی تباہی کے بارے میں سوال کیا گیا تھا تو انہوں نے یہ کہہ کر بات ٹال دی تھی کہ لڑائی میں نقصان ہوتے ہیں، تفصیلات نہیں بتا سکتا کیونکہ اس سے دشمن کو فائدہ پہنچے گا۔

سبرامنین سوامی نے نریندر مودی حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ رافیل معاہدے کی مکمل تحقیقات نہیں کی جا سکتیں کیونکہ موجودہ حکومت میں شفافیت کا فقدان ہے۔

خیال رہے کہ ان کے اس بیان نے بھارتی دفاعی حکمت عملی اور رافیل ڈیل پر نئے سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔