70 لاکھ ملازمتیں خطرے میں، اقوام متحدہ نے خبردار کر دیا
اقوام متحدہ نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ عالمی تجارتی جنگ کے نتیجے میں رواں سال دنیا بھر میں تقریباً 70 لاکھ ملازمتیں خطرے میں پڑ سکتی ہیں
اقوام متحدہ کی ایک حالیہ رپورٹ میں عالمی معیشت کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کیا گیا/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) اقوام متحدہ نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ عالمی تجارتی جنگ کے نتیجے میں رواں سال دنیا بھر میں تقریباً 70 لاکھ ملازمتیں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔

اقوام متحدہ کی ایک حالیہ رپورٹ نے عالمی معیشت کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، جس کے مطابق تجارتی تنازعات، امریکی تجارتی پالیسیوں، اور جغرافیائی کشیدگیوں نے عالمی اقتصادی ترقی کو سست کر دیا ہے، جس کے اثرات براہِ راست صنعتی، تکنیکی اور خدمات کے شعبوں پر مرتب ہو رہے ہیں۔

بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن (ILO) کا کہنا ہے کہ ایشیا، یورپ اور شمالی امریکہ میں کئی بڑے شعبے دباؤ کا شکار ہیں، خصوصاً مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی اور سروسز سے وابستہ صنعتیں۔ عالمی سطح پر سرمایہ کاری میں کمی، درآمدات و برآمدات میں مشکلات، اور غیر یقینی تجارتی ماحول نے نہ صرف کارپوریٹ سطح پر اعتماد کو متزلزل کیا ہے بلکہ عام افراد کی نوکریوں کو بھی شدید خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ میں فریقین کو جنگ بندی پر اتفاق کرنا ہو گا: ٹرمپ

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نافذ کیے گئے نئے تجارتی محصولات نے عالمی سطح پر معاشی دباؤ میں اضافہ کر دیا ہے۔ ان اقدامات کے باعث چین، یورپی یونین، میکسیکو اور دیگر کئی ممالک کے ساتھ امریکہ کے تجارتی تعلقات کشیدہ ہو چکے ہیں۔

بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن (ILO) کے مطابق، دنیا بھر میں تقریباً 84 ملین ملازمتیں امریکی صارفین کی طلب سے وابستہ ہیں، جن میں سے 56 ملین صرف ایشیا پیسیفک خطے میں موجود ہیں۔ ان میں بہت سے شعبے براہِ راست امریکی مارکیٹ پر انحصار کرتے ہیں، جن میں اب غیر یقینی کی کیفیت ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس معاشی بحران کو روکنا ہے تو حکومتوں کو چاہیے کہ وہ سماجی اصلاحات نافذ کریں، جدید اور فلیکسیبل معاشی پالیسیاں ترتیب دیں اور باہمی تجارتی تعاون کو فروغ دیں۔ بصورت دیگر، یہ خدشہ ہے کہ بے روزگاری کی شرح میں غیر معمولی اضافہ ہوگا، جس سے عالمی معیشت مزید عدم استحکام کا شکار ہو سکتی ہے۔

رپورٹ کے اختتام میں اقوام متحدہ نے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے سیاسی اختلافات کو پس پشت ڈال کر عالمی معاشی استحکام کے لیے مل کر کام کریں تاکہ کروڑوں افراد کی روزی روٹی محفوظ رہ سکے۔