غزہ میں فریقین کو جنگ بندی پر اتفاق کرنا ہو گا: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ میں فریقین کو جنگ بندی پر اتفاق کرنا ہو گا۔
فائل فوٹو
واشنگٹن: (سنو نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ غزہ میں فریقین کو جنگ بندی پر اتفاق کرنا ہو گا۔

اپنے ایک بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ غزہ میں امدادکی فراہمی شروع ہوچکی ہے،غزہ میں فریقین کوجنگ بندی پراتفاق کرناہوگا،غزہ میں عارضی جنگ بندی کے لئے اچھے جذبات ہیں۔

تہران سے جاری مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ ہماری بات چیت اچھی جارہی ہے، نیتن یاہو کو ایران کے خلاف کوئی بھی اقدام کرنے سے منع کیاہے۔

روس یوکرین پر صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ نہیں بتاسکتاپیوٹن جنگ ختم کرناچاہتےہیں یا نہیں، پیوٹن کوئی کھیل کھیلتےہیں تواس کا مختلف جواب دیں گے،ضرورت پڑی تو زیلنسکی اور پیوٹن کےساتھ بیٹھیں گے۔

امریکی ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ یوکرین میں جوکچھ ہوا اس پرمایوسی ہوئی،یوکرین کی صورتحال پر پریشان ہیں، ٹک ٹاک کومحفوظ بناناچاہتےہیں۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کو دفاعی نظام "گولڈن ڈوم" کا حصہ بننے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ کینیڈا اگر امریکا کا حصہ بن جائے تو اسے’گولڈن ڈوم‘ دفاعی سسٹم مفت ملے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کینیڈا اپنی حیثیت خودمختار ریاست کے طور پر برقرار رکھنا چاہتا ہے تو اسے دفاعی سسٹم کا حصہ بننے کے لیے 61 ارب ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کو غیر ملکی حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک نئے میزائل سسٹم "گولڈن ڈوم" کے پراجیکٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ گولڈن ڈوم سسٹم پر 175 ارب کی لاگت آئے گی اور اسے ان کی دوسری مدت صدارت کے اختتام تک فعال کردیا جائے گا۔