اہلیہ کا تھپڑ لگنے کی ویڈیو وائرل، فرانسیسی صدر کا ردعمل آگیا
فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون کے چہرے پر اہلیہ کی جانب سے ہاتھ مارے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر فرنچ صدر کا ردعمل سامنے آگیا۔
وائرل فوٹو
ہنوئی: (ویب ڈیسک) فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون کے چہرے پر اہلیہ کی جانب سے ہاتھ مارے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر فرنچ صدر کا ردعمل سامنے آگیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فرانس کے صدر ایمانوئیل میکرون ویتنام پہنچے تو طیارے کا دروازہ کھلتے ہی ایک انوکھا اور حیرت انگیز واقعہ پیش آیا جو کیمروں میں محفوظ ہو گیا۔

یہ واقعہ ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی کے ہوائی اڈے پر اس وقت پیش آیا جب فرانسیسی صدر کا سرکاری طیارہ لینڈ کرنے کے بعد دروازہ کھولا گیا،جیسے ہی دروازہ کھلا صدر میکرون پہلے نظر آئے، تاہم فوراً ہی ان کی اہلیہ بریجٹ میکرون نے اپنا ہاتھ ان کے چہرے کے سامنے لا کر انہیں پیچھے ہٹنے کا اشارہ کیا، جس پر میکرون پیچھے ہو گئے۔

تاہم واقعے کے بعد فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اہلیہ کے ساتھ ہلکے پھلکے انداز میں تکرار بلکہ مذاق کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: میکرون کی آمد پر خاتون اول کا غیر متوقع ردعمل، ویڈیو وائرل

صدر میکرون کا کہنا تھا کہ واقعے کو کوئی بہت بڑی آفت یا تباہی بنا کر پیش کیا جا رہا ہے ایسا کچھ نہیں ہے۔

اس واقعے نے نہ صرف فرانسیسی میڈیا بلکہ بین الاقوامی حلقوں کی بھی توجہ حاصل کر لی ہے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر میمز، تبصروں اور تجزیوں کا سلسلہ جاری ہے، کئی لوگوں نے اس واقعے کو "سفارتی شگوفہ" قرار دیا ہے، جو سرکاری دوروں کی رسمی سنجیدگی میں ایک دلچسپ موڑ بن کر سامنے آیا۔