
تفصیلات کے مطابق لائبیریا کے پرچم بردار جہاز ایم ایس سی ایلسا 3 جو 184 میٹر طویل مال بردار کنٹینر شپ تھی، بھارتی بندرگاہ وژنجم سے کوچین کی جانب جا رہا تھا۔ ہفتے کے روز یہ جہاز اچانک حادثے کا شکار ہوا،جس کے بعد ہنگامی مدد کا پیغام جاری کیا گیا۔
بھارتی بحریہ نے اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کی۔ بحریہ کے طیاروں نے متاثرہ علاقے کا رخ کیا اور دو لائف رافٹس کا سراغ لگایا، جبکہ جہاز کوچین سے تقریباً 38 ناٹیکل میل جنوب مغرب میں خطرناک زاویے پر جھکا ہوا پایا گیا۔
وزارت دفاع کے جاری بیان کے مطابق ریسکیو آپریشن میں بھارتی بحریہ اور کوسٹ گارڈ نے حصہ لیا اور جہاز پر سوار تمام 24 عملے کے افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ عملے کے ارکان کا تعلق جارجیا، روس، یوکرین اور فلپائن سے بتایا گیا ہے۔
ہ بھی پڑھیں:یونیورسٹی بس کو خوفناک حادثہ، 9 افراد لقمہ اجل بن گئے
جہاز پر کل 640 کنٹینرز موجود تھے جن میں سے 13 کنٹینرز میں خطرناک مواد موجود تھا۔ خاص طور پر 12 کنٹینرز کیلشیم کاربائیڈ سے بھرے ہوئے تھے جو کیمیائی صنعت، کھاد اور فولاد سازی میں استعمال ہوتا ہے۔
بحریہ نے ماحولیاتی خطرے کے پیشِ نظر ساحلی آلودگی سے نمٹنے کیلئے مکمل تیاریاں فعال کر دی ہیں۔ کیرالہ کے ساحلی علاقے میں سمندری ماحولیاتی نظام کو حساس قرار دیا جاتا ہے، اسی لیے کوسٹ گارڈ نے آلودگی کی روک تھام کے اقدامات فوری طور پر نافذ کر دیے ہیں۔