یونیورسٹی بس کو خوفناک حادثہ، 9 افراد لقمہ اجل بن گئے
Colombia bus accident
فائل فوٹو
بوگوٹا: (ویب ڈیسک) کولمبیا میں تعلیمی فیلڈ ٹرپ کے دوران یونیورسٹی کی بس کو خوفناک حادثہ ، جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک جبکہ 7 شدید زخمی ہو گئے۔

بین الاقوامی خبر ایجنسی کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب بس ایک اونچے پل سے گزر رہی تھی، ڈرائیور اچانک گاڑی پر قابو کھو بیٹھا، جس کے نتیجے میں بس گہری کھائی میں جا گری۔ حادثے کے وقت بس میں 26 مسافر سوار تھے، جن میں یونیورسٹی کے طلبا اور پروفیسرز شامل تھے۔

بس تعلیمی مقاصد کے تحت ایک فیلڈ ٹرپ پر روانہ تھی۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق تیز رفتاری یا فنی خرابی حادثے کی ممکنہ وجوہات ہو سکتی ہیں، تاہم حتمی نتیجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئے گا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کے ساتھ بنگلہ دیش نے 21 ملین ڈالر کا دفاعی معاہدہ منسوخ کر دیا

دوسری جانب ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق 7 زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

حادثے کے بعد پورے علاقے میں افسوس کی لہر دوڑ گئی، جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے جان سے ہاتھ دھونے والے افراد کے اہلِ خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔