بھارت اور پاکستان سیز فائر پر رضامند: امریکی صدر، اسحاق ڈار کی تصدیق
 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان سیز فائر پر رضا مند ہو گئے ہیں۔
فائل فوٹو
واشنگٹن: (سنو نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بھارت اور پاکستان سیز فائر پر رضا مند ہو گئے ہیں۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر جاری اپنے ایک بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت جنگ بندی پر آمادہ ہیں، دونوں ممالک نے عقلمندی کا مظاہرہ کیا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ رات بھر کی کوششوں کے بعد یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے، دونوں ممالک کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کی تصدیق کردی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پیغام میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے سیز فائر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت نے فوری طور پر سیز فائر کرنے پر اتفاق کیا ہے، پاکستان ہمیشہ امن کا داعی رہا ہے۔

اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر سمجھوتہ کیے بغیر خطے میں امن و سلامتی کے لیے کوششیں کی ہیں۔

ادھر امریکی سیکرٹری خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہوں کہ بھارت اور پاکستان نے فوری جنگ بندی اور حل طلب مسائل پر بات چیت شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستان کے  آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ  پر ایک نظر

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران نائب صدر جے ڈی وینس اور میں سینئر ہندوستانی اور پاکستانی حکام کے ساتھ بات چیت میں مصروف رہے،بات چیت میں دونوں ممالک کے وزرائے اعظم شہباز شریف اور مودی، بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر شامل تھے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی آرمی چیف عاصم منیر اور بھارتی قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول اور پاکستانی قومی سلامتی کے مشیر جنرل عاصم ملک سے بھی کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔

مارکو روبیو کا مزید کہنا تھا کہ ہم پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو امن کا راستہ منتخب کرنے پر سراہتے ہیں۔