بھارتی فوج نے اپنی تباہی کا اعتراف کر لیا
India-Pakistan Tensions
فائل فوٹو
ممبئی:(ویب ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ صورتحال میں ایک نئی پیش رفت سامنے آئی ہے، جس میں بھارتی فوج نے پاکستانی حملوں کو تسلیم کرتے ہوئے اپنے جانی و مالی نقصان کا اعتراف کیا ہے۔

پاکستانی فضائی حملوں اور ڈرون حملوں کے نتیجے میں بھارت کو شدید نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہفتے کی صبح 5 بجے سے اب تک بھارت نے پاکستانی حملوں کے نتیجے میں بڑے جانی و مالی نقصانات کا سامنا کیا ہے۔ بھارتی فوج نے تسلیم کیا کہ پاکستان نے اپنے آپریشن ’’بُنْيَانٌ مَّرْصُوْص‘‘ کے تحت بھارت کے 26 مقامات کو نشانہ بنایا، جن میں فضائی اڈے اور دیگر فوجی تنصیبات شامل ہیں۔

بھارتی فضائیہ کی ترجمان ونگ کمانڈر ویومیکا سنگھ نے ایک پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان نے بھارت کی مغربی سرحد پر متعدد خطرناک کارروائیاں کیں، جن میں ڈرونز، طویل فاصلے تک مار کرنے والے ہتھیاروں اور دیگر فوجی اسلحے کا استعمال کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے کنٹرول لائن کے ساتھ ساتھ بھارتی فضائیہ کے مختلف اہداف پر حملے کیے۔

بھارتی فوج کی کرنل صوفیہ قریشی نے بھی پاکستان کے حملوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان نے پنجاب ایئربیس کو ہفتے کی رات 1 بج کر 40 منٹ پر ایک تیز رفتار میزائل سے نشانہ بنایا۔ ان کے مطابق پاکستان نے یو کیب ڈرونز، لانگ رینج ہتھیار اور جنگی طیاروں کے ذریعے بھارتی فوجی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا ہے ۔

دوسری جانب پاکستانی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کے نقصانات میں روسی ساختہ جدید ترین S-400 میزائل ڈیفنس سسٹم، 4 ایئربیسز، 5 ایئرفیلڈز، 2 براہموس میزائل اسٹوریج سائٹس، ایک دہشت گردی کا کیمپ، بریگیڈ ہیڈکوارٹر، سپلائی ڈپو اور لائن آف کنٹرول پر کئی فوجی پوسٹوں کی تباہی شامل ہے۔

سیالکوٹ کے قریب ایک بھارتی رافیل طیارہ اور ایک بڑا بھارتی ڈرون مار گرائے جانے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں، تاہم سیکیورٹی ذرائع نے ان کی تصدیق نہیں کی۔ بھارتی میڈیا نے بھی کئی حملوں کی تصدیق کی ہے، جن میں ادھم پور ایئربیس سے دھواں اٹھنا اور سرسہ ایئرفیلڈ پر دھماکوں کی آوازیں شامل ہیں۔ بھارتی خبررساں ادارے اے این آئی اور ٹی وی9 نے بھی ان حملوں کی تصدیق کی ہے۔

علاوہ ازیں بھارتی میڈیا نے پٹھان کوٹ، پونچھ اور جموں ایئربیس پر حملوں کا بھی اعتراف کیا ہے۔ ان حملوں سے بھارت کی فوجی طاقت کو شدید دھچکا پہنچا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے یہ حملے بھارت  کیخلاف ایک اہم پیغام کے طور پر دیکھے جا رہے ہیں، جس میں پاکستان نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔