
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بھارت کا پاکستان پر حملہ انتہائی افسوسناک اور خطے کے امن کیلئے خطرہ ہے۔
ترجمان نے پاک بھارت کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ایسی کسی بھی کارروائی سے گریز کریں جو صورتحال کو مزید خراب کر سکتی ہو۔
چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو چاہیے کہ وہ خطے کے امن، استحکام اور ترقی کے وسیع تر مفاد میں باہمی مذاکرات کو ترجیح دیں اور کشیدگی کے بجائے سفارتی حل تلاش کریں۔
چین نے عالمی برادری پر بھی زور دیا ہے کہ وہ اس تنازعے میں کردار ادا کرے تاکہ جنوبی ایشیا میں امن برقرار رکھا جا سکے۔
ترکی کا پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونے کا اعلان
ذہن نشین رہے کہ پاکستان کے بزدل اور ازلی دشمن بھارت کی جانب سے پاکستان کے پانچ مختلف مقامات پر میزائل حملے کیے گئے، جن میں سویلین آبادی اور مساجد کو نشانہ بنایا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے پریس بریفنگ میں بتایا کہ بھارت نے کوٹلی، احمدپور شرقیہ، مظفرآباد، باغ اور مرید کے کو نشانہ بنایا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق احمدپور شرقیہ (بہاولپور) میں مسجد سبحان اللہ پر بھارتی میزائل حملہ کیا گیا، جس میں سویلینز کو بزدلانہ طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جانب حملوں کے بعد پاکستان نے اپنی ایئراسپیس کو فوری طور پر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے، اور تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایئراسپیس کو 48 گھنٹوں کیلئے بند کیا گیا، اور اس سلسلے میں نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ حکام نے شہریوں سے پرامن رہنے اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کی اپیل کی ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔