بیجنگ: چینی ریسٹورنٹ میں آتشزدگی، 22 افراد ہلاک
 چین کے ایک ریسٹورنٹ میں آگ لگنے سے 22 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
فائل فوٹو
بیجنگ: (سنو نیوز) چین کے ایک ریسٹورنٹ میں آگ لگنے سے 22 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق چین کے شمال مشرقی علاقے میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں لیاو یانگ شہر کے ایک ریسٹورنٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 22 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ یہ افسوسناک واقعہ دوپہر 12 بج کر 25 منٹ پر پیش آیا جب لوگ معمول کے مطابق ریسٹورنٹ میں کھانے میں مصروف تھےکہ اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ بیشتر افراد کو ریسٹورنٹ سے نکلنے کا موقع ہی نہ ملا۔

چینی میڈیا کے مطابق آگ لگنے کے فوراً بعد ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی گئی اور فائر بریگیڈ کی کئی گاڑیاں فوری طور پر موقع پر روانہ ہوئیں، امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری رکھی گئیں، تاہم آگ کی شدت اور دھویں کی زیادتی نے ریسکیو اہلکاروں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا۔

حادثے کے وقت ریسٹورنٹ میں عملے سمیت درجنوں افراد موجود تھے جن میں سے کئی افراد جھلس کر موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ دیگر زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

چینی صدر شی جن پنگ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے اور متاثرہ خاندانوں کی فوری داد رسی کی ہدایت کی اور واقعے کی مکمل تحقیقات کا بھی حکم دیا تاکہ آگ لگنے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔

حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات جاری ہیں ، ریسٹورنٹ انتظامیہ سے ابتدائی پوچھ گچھ کی جارہی ہے اور اگر ریسٹورنٹ انتظامیہ کی کسی قسم کی غفلت سامنے آئی تو قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔