
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے چین پر نئے ٹیرف کے اطلاق سے متعلق حکمنامے پر دستخط کر دیئے ہیں، وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ چین کی جانب سے جوابی ٹیرف کے ردعمل میں کیا گیا ہے۔
اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ بیجنگ کی "غیر منصفانہ تجارتی پالیسیوں" کا جواب دینا ناگزیر تھا، چین کی جانب سے جوابی ٹیرف نے ہمیں یہ قدم اٹھانے پر مجبور کیا۔
امریکا کی جانب سے صدر ٹرمپ کے اس نئے حکم نامے کا نفاذ کردیا گیا ہے اور نئے ٹیرف کا اطلاق چینی مصنوعات کی ایک طویل فہرست پر ہوگا۔
دوسری جانب معاشی ماہرین نے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی جنگ میں شدت کو مہنگائی کا پیش خیمہ قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے سخت اقدامات سے صارفین مہنگائی کے بوجھ تلے دب جائیں گے، عالمی تجارتی تعلقات میں کشیدگی آئے گی اور سپلائی چین متاثر ہو گی۔
ادھر تاحال بیجنگ نے اس اقدام پر کوئی ردعمل نہیں دیا، ماہرین کا کہنا ہے کہ چین یا تو عالمی تجارتی تنظیم سے رجوع کرے گا یا مزید جوابی اقدامات کر سکتا ہے۔



