شہزادہ محمد بن فہد بن عبد العزیز انتقال کرگئے
سعودی عرب کے مشرقی صوبے کے سابق گورنر شہزادہ محمد بن فہد بن عبدالعزیز آل سعود انتقال کر گئے
شہزادہ محمد بن فہد بن عبدالعزیز آل سعود /فائل فوٹو
ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے مشرقی صوبے کے سابق گورنر شہزادہ محمد بن فہد بن عبدالعزیز آل سعود انتقال کر گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق 75 سالہ شہزادے محمد بن فہد کی نمازِ جنازہ ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی جائے گی۔ شہزادہ محمد بن فہد نے سعودی عرب میں ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد یونیورسٹی آف کیلی فورنیا کے سانتا بیریرا سے اکنامکس اور پولیٹیکل سائنس میں بیچلر کی ڈگری حاصل کی۔

محمد بن فہد تعلیم مکمل کرنے بعد واپس سعودی عرب آئے اور اہم عہدوں پر فرائض انجام دیتے رہے۔ وہ مشرقی صوبے کے گورنر بھی رہے۔ شہزادہ محمد بن فہد بن عبدالعزیز نے سماجی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور پرنس محمد بن فہد پروگرام برائے ترقی نوجوانان متعارف کرایا۔

سعودی عرب میں انسانی بہبود کے متعدد کامیاب اسکیموں کے اعتراف میں 2002ء میں انھیں اقوام متحدہ کا عالمی ایوارڈ بھی ملا تھا۔ ایوان شاہی نے شہزادہ محمد بن فہد کے لیے رحمت و مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی ہے۔

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان نے شہزادہ محمد بن فہد آل سعود کے انتقال پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل وقت میں میری دعائیں پورے شاہی خاندان کے ساتھ ہیں، ان کی خدمت اور لگن کی وراثت ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔

عمران خان نے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں ہم آل سعود خاندان اور سعودی عرب کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔