آب زمزم کے متعلق حیرت انگیز حقائق

October, 31 2024
مکہ مکرمہ:(ویب ڈیسک)حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے کچھ عرصہ قبل "زمزم: آب مبارک" کے عنوان سے ایک جامع دستاویزی فلم پیش کی ، جس میں زمزم کے مقدس پانی کی نکاسی اور اس کی ترسیل کے مراحل کی تفصیل بیان کی گئی ہے۔
اس فلم میں کنوئیں سے لے کر مختلف مقامات تک زمزم کی منتقلی، اس کے روزانہ استعمال اور دیگر اہم معلومات شامل ہیں۔ اس دستاویزی فلم نے زائرین اور عقیدت مندوں کے لئے دلچسپی کے نئے پہلو پیش کیے ہیں۔
زمزم کے کنوئیں کا مقام اور نکاسی کا عمل:
زمزم کا مقدس کنواں مسجد حرام میں مطاف کے علاقے میں واقع ہے، جس کا بیت اللہ سے فاصلہ تقریباً 21 میٹر ہے۔ زمزم کنواں 31 میٹر کی گہرائی پر ہے اور اس سے نکلنے والے پانی کا بہاؤ 11 سے 18.5 لیٹر فی سیکنڈ تک ہوتا ہے۔ اس بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لئے دو مضبوط پمپ استعمال کئے جاتے ہیں، جو 24 گھنٹے شفٹوں میں کام کرتے ہیں تاکہ زائرین کے لئے ہمیشہ پانی دستیاب رہے۔
زمزم کی مکہ سے مدینہ تک ترسیل:
زمزم کا پانی نکالنے کے بعد "کنگ عبد اللہ بن عبد العزیز پروجیکٹ" کے تحت جدید ترین خود کار نظام کے ذریعے اسے مکہ مکرمہ کے علاقے کدی میں منتقل کیا جاتا ہے۔ یہاں سے زمزم کے پانی کو خصوصی ٹینکروں میں محفوظ کر کے مدینہ منورہ پہنچایا جاتا ہے۔ ان ٹینکروں کی سیکیورٹی بھی خاص طریقے سے کی گئی ہے، اور یہ پانی مخصوص افسران کے ذریعے ہی مسجد نبوی میں تقسیم کیا جاتا ہے۔ عام دنوں میں مدینہ منورہ کو روزانہ اوسطاً 1.5 لاکھ لیٹر آب زمزم فراہم کیا جاتا ہے، تاہم رمضان اور حج کے موسم میں یہ مقدار بڑھ کر 4 لاکھ لیٹر تک پہنچ جاتی ہے۔
حرمین میں آب زمزم کے کولر اور یومیہ استعمال:
زمزم کے پانی کو حرمین کے مقامات پر پہنچانے کے لئے 40 ہزار سے زائد کولر استعمال کیے جاتے ہیں جن میں ٹھنڈا اور سادہ، دونوں طرح کا پانی دستیاب ہوتا ہے۔ کولروں کے ساتھ پلاسٹک کے Disposable گلاس بھی فراہم کئے جاتے ہیں، اور یومیہ تقریباً 20 لاکھ گلاس استعمال کئے جاتے ہیں۔ مسجد حرام میں عام دنوں میں آب زمزم کا یومیہ استعمال 7 لاکھ لیٹر تک ہوتا ہے، جبکہ رمضان اور حج کے سیزن میں یہ استعمال 20 لاکھ لیٹر تک بڑھ جاتا ہے۔
آب زمزم کے معیار کی حفاظت کے اقدامات:
آب زمزم کو پاک اور صاف رکھنے کے لئے خصوصی لیبارٹریز میں روزانہ 100 نمونے مختلف مقامات سے لے کر ٹیسٹ کئے جاتے ہیں۔ ان نمونوں کا مقصد آب زمزم کو کسی بھی ممکنہ آلودگی سے پاک رکھنا اور زائرین کے لئے محفوظ پانی فراہم کرنا ہے۔ جنرل پریذیڈنسی کی ٹیمیں 24 گھنٹے اس مقدس پانی کی نگرانی کرتی ہیں تاکہ اس کے معیار کو ہر حال میں برقرار رکھا جا سکے۔
کنگ عبد اللہ بن عبد العزیز زمزم واٹر پروجیکٹ:
آب زمزم کو بہتر اور زیادہ سہل طریقے سے زائرین تک پہنچانے کے لئے 2010ء میں کنگ عبد اللہ بن عبد العزیز زمزم واٹر پروجیکٹ کا آغاز ہوا۔ اس منصوبے کا مقصد آب زمزم کو محفوظ انداز میں ذخیرہ کرنا اور اسے جدید ترین خود کار نظام کے ذریعے لوگوں تک پہنچانا ہے۔ مکہ مکرمہ کے علاقے کدی میں موجود یہ منصوبہ آب زمزم کو ذخیرہ کرنے کے ساتھ ساتھ 10 لیٹر کے 15 لاکھ کین روزانہ تقسیم کرتا ہے، جو زائرین اور عقیدت مندوں کو آسانی سے دستیاب ہوتے ہیں۔
عقیدت مندوں کے لئے بہترین سہولتیں:
اس دستاویزی فلم نے زمزم کے پانی کی عقیدت اور تقدس کو مزید اجاگر کیا ہے اور بتایا ہے کہ کس طرح سعودی حکام حرمین میں زائرین کے لئے بہترین سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔ ان اقدامات کے ذریعے زمزم کے پانی کو ہر ممکن طریقے سے محفوظ، صاف اور آسانی سے دستیاب رکھا جا رہا ہے۔
ضرور پڑھیں

غزہ کے مظلوموں کی پکار: کیا برصغیر کا مسلمان جاگے گا؟
April, 22 2025

عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر توہین عدالت کی درخواست دائر
April, 18 2025

متحدہ عرب امارات کی ویزہ پالیسی میں تبدیلی کا نیا ہدایت نامہ جاری
April, 8 2025

عمران خان نے کسی سے مذاکرات کیلئے کوئی ٹاسک نہیں دیا: علی امین گنڈاپور
April, 4 2025