واٹس ایپ نے صارفین کیلئے ایک اور حیران کن فیچر متعارف کرا دیا
دنیا بھر میں 3 ارب سے زائد صارفین رکھنے والا مقبول میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ صارفین کی سہولت کیلئے مسلسل نئے فیچرز متعارف کرا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں کمپنی ایک ایسے فیچر پر کام کر رہی ہے جو پیغامات پڑھنے کے تجربے کو مزید آسان بنا دے گا۔
ٹیکنالوجی سے متعلق خبروں کی ویب سائٹ ڈبلیو اے بیٹا اِنفو کے مطابق اینڈرائیڈ فونز کے لیے واٹس ایپ کے نئے بیٹا ورژن میں اس فیچر کی نشاندہی ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ ہوم اسکرین پر کسی چیٹ کو دیر تک دبانے سے ایک نیا مینیو ظاہر ہوگا، جس میں مختلف آپشنز کے ساتھ پریویو کارڈ بھی موجود ہوگا۔ اس کارڈ کے ذریعے صارف متعلقہ چیٹ کھولے بغیر حالیہ پیغامات پڑھ سکے گا۔
نئے مینیو میں چیٹ کو ان ریڈ مارک کرنے، پن کرنے، آرکائیو کرنے اور لاک کرنے سمیت دیگر سہولیات بھی شامل ہوں گی۔ صارفین اپنی چیٹس کو مخصوص فہرست میں شامل کرنے، چیٹ کی معلومات دیکھنے اور ہوم اسکرین پر شارٹ کٹ بنانے کے قابل بھی ہوں گے۔
اس فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ پریویو کارڈ میں پیغامات پڑھنے سے بھیجنے والے کو بلیو ٹِک نظر نہیں آئیں گے۔ بلیو ٹِک صرف اسی صورت میں ظاہر ہوں گے جب صارف مکمل چیٹ کھولے گا۔
یہ بھی پڑھیں:واٹس ایپ صارفین کیلئے بڑی خوشخبری، نیا فیچر شامل
تاہم یہ فیچر فی الحال آزمائشی مرحلے میں ہے اور بیٹا صارفین کے لیے بھی اس کی دستیابی محدود ہے۔ تمام صارفین کے لیے باضابطہ اجرا کی تاریخ تاحال سامنے نہیں آئی۔