واٹس ایپ اکاؤنٹس کیلئے فعال اور رجسٹرڈ سم لازمی قرار
پی ٹی اے کی جانب سے جاری سوشل میڈیا پیغام میں صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے واٹس ایپ نمبر کی صورتحال فوری طور پر چیک کریں۔ اتھارٹی کے مطابق اگر کسی صارف کی سم غیر فعال ہو چکی ہے یا اس کے نام پر رجسٹرڈ نہیں رہی تو ایسے صارفین کو اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو فوری طور پر کسی تصدیق شدہ، فعال اور رجسٹرڈ سم پر منتقل کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: واٹس ایپ کیلئے نئے قوانین کا اعلان
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ واٹس ایپ صرف ایک میسجنگ ایپ نہیں بلکہ آج کل صارفین کی ڈیجیٹل شناخت، ذاتی رابطوں، کاروباری گفتگو، اہم دستاویزات، فیملی چیٹس اور دیگر حساس معلومات سے بھی جڑا ہوا ہے۔ ایسے میں اگر واٹس ایپ اکاؤنٹ کسی غیر فعال یا غیر محفوظ نمبر سے منسلک ہو تو صارف کو مستقبل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
اتھارٹی نے خبردار کیا کہ غیر فعال سمز بعض صورتوں میں دوبارہ کسی دوسرے صارف کو جاری ہو سکتی ہیں۔ ایسی صورتحال میں اگر پرانا واٹس ایپ اکاؤنٹ اسی نمبر سے منسلک رہے تو اکاؤنٹ کی سکیورٹی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔ اس لیے صارفین کو چاہیے کہ وہ اپنی ڈیجیٹل حفاظت کے لیے وقت ضائع کیے بغیر اپنے موبائل نمبر کی تصدیق کریں۔
پی ٹی اے نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے نام پر رجسٹرڈ سم ہی استعمال کریں اور اگر واٹس ایپ پر پرانا یا بند نمبر موجود ہے تو اسے فوری طور پر تبدیل کر دیں۔ صارفین واٹس ایپ کی سیٹنگز میں جا کر اپنا نمبر تبدیل کر سکتے ہیں تاکہ چیٹس، گروپس اور رابطے محفوظ رہیں۔