16 سال سے کم عمر بچوں کیلئے سوشل میڈیا پر پابندی
سوشل میڈیا
آسٹریلیا نے 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا استعمال پر مکمل پابندی عائد کی/ فائل فوٹو
(ویب ڈیسک) آسٹریلیا نے بچوں کے آن لائن تحفظ پر بڑھتی ہوئی تشویش کے پیش نظر 16 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا استعمال پر مکمل پابندی نافذ کر دی۔

آسٹریلیا دنیا کا پہلا ملک بنا جس نے کم عمر بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے فیصلہ کن قدم اٹھایا، 16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا کے استعمال کی پابندی باضابطہ نافذ کر دی گئی۔ حکومت نے اعلان کیا کہ انسٹاگرام، ٹک ٹاک، یوٹیوب اور دیگر بڑے پلیٹ فارمز پر ایک ملین سے زائد کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس بلاک کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈنمارک کا پاکستانی طلبہ کے لیے فل فنڈڈ اسکالرشپ کا اعلان

غیر ملکی میڈیا کے مطابق پابندی کی خلاف ورزی کرنے پر پلیٹ فارمز کو 33 ملین امریکی ڈالر تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ پلیٹ فارمز عمر کے اندازے، شناختی دستاویزات یا بینک اکاؤنٹس کی بنیاد پر صارف کی تصدیق کریں گے۔

البتہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس نے پابندی پر اعتراض کرتے ہوئے اسے انٹرنیٹ تک رسائی کنٹرول کرنے کا ایک طریقہ قرار دیا۔

دوسری جانب والدین اور بچوں کے حقوق کے عالمی اداروں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے کم عمر صارفین کو نفسیاتی دباؤ، نامناسب مواد اور سوشل میڈیا کے نقصانات سے تحفظ ملے گا۔

حکومت نے بتایا کہ اس نئے ضابطے کے اثرات کا دو سال تک سٹینفورڈ یونیورسٹی اور 11 دیگر ماہرین کے ذریعے گہرائی سے تجزیہ کیا جائے گا۔