عالمی ٹیک ماہرین کے مطابق کمپنی اس بار پچھلے ای ماڈلز کے مقابلے میں زیادہ جدید، بہتر اور دلکش ڈیزائن کے ساتھ نیا فون پیش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، ابتدائی تفصیلات نے صارفین اور ٹیک کمیونٹی دونوں کو خاصا متجسس کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئی فون 17 ای میں مزید پتلے بیزلز شامل کیے جائیں گے جس سے اسمارٹ فون کا ڈسپلے مزید پریمیم اور جدید نظر آئے گا۔ اس میں وہی او ایل ای ڈی پینل استعمال کیا جائے گا جو آئی فون 14 میں موجود ہے اور جسے اس وقت آئی فون 16 ای میں بھی استعمال کیا جارہا ہے۔
اس مخصوص پینل کی فراہمی کی بڑی ذمہ داری چینی کمپنی BOE کے پاس ہوگی جبکہ سام سنگ ڈسپلے اور ایل جی ڈسپلے بھی اس اہم پروجیکٹ میں شامل ہوں گی۔
ذہن نشین رہے کہ پہلے دعویٰ کیا جارہا تھا کہ آئی فون 17 ای میں ڈائنامک آئی لینڈ شامل نہیں کیا جائے گا، تاہم تازہ رپورٹس اس کے برعکس ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایپل اس نئے ماڈل میں ڈائنامک آئی لینڈ کے ساتھ نئی A19 چپ بھی متعارف کرا سکتا ہے، جو کارکردگی اور اسپیڈ کے اعتبار سے اسے نمایاں طور پر بہتر بنائے گی۔
خیال رہے کہ اس وقت مارکیٹ میں موجود آئی فون 16 ای، آئی فون 13 اور آئی فون 14 جیسی نوچ ڈیزائن اسکرین اور A18 چپ کے ساتھ فروخت ہورہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ڈرائیونگ لائسنس بنوانے والوں کیلئے بڑی خوشخبری
پتلے بیزلز شامل کرنا ایپل کیلئے کم لاگت اور آسان اپ گریڈ ہے، جبکہ ڈائنامک آئی لینڈ شامل کرنے کیلئے نئے سینسرز، ٹرو ڈیپتھ سسٹم اور جدید ماسکنگ ڈیزائن درکار ہوتے ہیں، جو کہ کمپنی کی کم قیمت ای سیریز کے منصوبے سے مکمل ہم آہنگ نہیں۔
آئی فون 17 ای میں 6.1 انچ کا 60 ہرٹز او ایل ای ڈی ڈسپلے ہوگا جسے پہلے کے مقابلے میں زیادہ روشن اور بہتر بنا کر پیش کیا جائے گا، جس سے ویڈیو، ٹائپنگ اور گیم پلے کا تجربہ مزید بہتر ہونے کی توقع ہے۔
معروف تجزیہ کار منگ چی کو، مارک گورمن اور دی ایلیک کے مطابق آئی فون 17 ای کو اگلے سال کے اوائل میں لانچ کیا جائے گا۔