ٹک ٹاک صارفین کیلئے نیا فیچر "بلیٹن بورڈ'' متعارف
ٹک ٹاک
ٹک ٹاک نیا فیچر 18 سال یا اس سے زائد عمر کے صارفین کو دستیاب ہوگا/ فائل فوٹو
کراچی (ویب ڈیسک): ٹک ٹاک نے ایک نیا فیچر بلیٹن بورڈ متعارف کرا دیا۔ اس فیچر کا مقصد برانڈز اور کریٹیرز کو اپنے فالوورز کے ساتھ ایک جگہ مواد شیئر کرنے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

یہ بنیادی طور پر انسٹا گرام کے براڈ کاسٹ چینلز جیسا فیچر ہے۔ انسٹا گرام کے براڈ کاسٹ چینلز کی طرح صرف کریٹیر ہی کسی ٹک ٹاک بلیٹن بورڈ پر میسجز پوسٹ کرسکے گا جبکہ فالوورز محض ایموجیز کے ذریعے ری ایکشن ظاہر کرسکیں گے۔ یہ فیچر 18 سال یا اس سے زائد عمر کے ان صارفین کو دستیاب ہوگا جن کے فالوورز کی تعداد کم از کم 50 ہزار ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: یوٹیوب نے گیمنگ مواد کے لیے بڑی پالیسی میں تبدیلی کا اعلان کردیا

ٹک ٹاک کے مطابق اس معیار کا مقصد یہ ہے کہ فیچر کو ابتدائی طور پر ان کریٹیرز تک محدود رکھا جائے جن کا پہلے سے بڑا فالونگ بیس ہے اور جنہیں اپنے آڈینس سے مستقل رابطہ رکھنے کے لیے ایک منظم پلیٹ فارم کی ضرورت ہوتی ہے۔

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق ٹک ٹاک کا یہ قدم دراصل پلیٹ فارم کو مزید کریٹر فرنڈلی بنانے کی کوشش ہے۔ دنیا بھر میں سوشل میڈیا پر موجود بڑے کریٹیرز اور برانڈز اپنے فالورز کے ساتھ براہِ راست رابطے کے محفوظ اور موثر طریقوں کی تلاش میں رہتے ہیں، اور بلیٹن بورڈ جیسا فیچر انہیں ہدفی آڈینس تک سیدھی رسائی فراہم کرے گا۔

مارکیٹنگ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ فیچر کریٹیرز کے لیے ایک نیا برانڈ نیریٹو کنٹرول ٹول ثابت ہو سکتا ہے، جس کے ذریعے وہ اپنی کمیونٹی کو تیزی سے تازہ ترین اپڈیٹس یا خصوصی کنٹینٹ فراہم کر سکیں گے۔ ساتھ ہی برانڈز بھی اس فیچر کے ذریعے بہتر مارکیٹنگ حکمت عملی بنا سکیں گے، خصوصاً لانچز، ڈسکاؤنٹس اور کولیبریشنز کے سلسلے میں۔

ٹک ٹاک نے اعلان کیا ہے کہ آنے والے مہینوں میں اس فیچر کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور امکان ہے کہ مستقبل میں اسے زیادہ صارفین کے لیے بھی دستیاب کر دیا جائے گا۔