کمپنی انتظامیہ کے مطابق GTA 6 اب 19 نومبر 2026 کو جاری کی جائے گی، اس سے قبل گیم کی ریلیز مئی 2026 کیلئے متوقع تھی، جبکہ ابتدائی منصوبہ 2025 کے آخر تک لانچ کرنے کا تھا۔
ذہن نشین رہے کہ یہ دوسری بار ہے کہ راک اسٹار نے گیم کی تاریخ مؤخر کی ہے۔
راک اسٹار گیمز نے اپنے بیان میں کہا کہ ریلیز میں تاخیر کا مقصد گیم کو ان کے اعلیٰ معیار اور بہترین کارکردگی کے مطابق تیار کرنا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں گیم کو جلد بازی میں لانچ نہیں کرنا چاہتی، بلکہ چاہتی ہے کہ مداحوں کو مکمل اور شاندار تجربہ فراہم کیا جائے۔
GTA 6 کی کہانی خیالی امریکی ریاست Leonida میں قائم کی گئی ہے، جہاں جیسن ڈوول اور لوسیا کمیونس نامی ایک مجرم جوڑے کی زندگی پر مبنی کہانی بیان کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:یوٹیوب نے گیمنگ مواد کے لیے بڑی پالیسی میں تبدیلی کا اعلان کردیا
کھلاڑی دونوں کرداروں کے درمیان سوئچ کر کے Vice City کے نئے اور جدید ورژن کو ایکسپلور کر سکیں گے، جو 2002 کے بعد پہلی بار گیم میں واپس آ رہا ہے۔
یاد رہے کہ GTA V ستمبر 2013 میں ریلیز ہوئی تھی اور اب تک 22 کروڑ سے زائد کاپیاں فروخت کر کے دنیا کی دوسری سب سے زیادہ فروخت ہونے والی ویڈیو گیم بن چکی ہے۔
اگرچہ تاخیر نے شائقین کو مایوس کیا ہے، مگر امید کی جا رہی ہے کہ GTA 6 اپنی لانچ کے وقت ویڈیو گیمز کی دنیا میں نیا انقلاب ثابت ہوگی۔