
AWS ایک کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم ہے جو کمپنیوں کو یہ سہولت دیتا ہے کہ وہ اپنی ویب سائٹس، ایپلیکیشنز اور ڈیٹا بیس کو خود اپنے سرورز پر چلانے کے بجائے انٹرنیٹ کے ذریعے کرائے پر کمپیوٹنگ پاور اور اسٹوریج حاصل کریں۔
AWS پر دنیا بھر کی بے شمار آن لائن سروسز انحصار کرتی ہیں لہٰذا اس میں آنے والی کوئی بھی خرابی کئی شعبوں میں اثر ڈال سکتی ہے۔
پیر کے روز ایمازون ویب سروسز (AWS) میں ایک بڑی تکنیکی خرابی پیدا ہوئی جس سے دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروسز متاثر ہو گئیں۔ یہ خرابی کئی گھنٹوں تک جاری رہی اور لاکھوں صارفین کی روزمرہ کی سروسز متاثر ہوئیں جن میں بینکاری، ہوائی سفر، گیمنگ اور اسمارٹ ہوم ڈیوائسز سب اس کی زد میں آئے۔
تحقیقات سے پتہ چلا کہ اس کی وجہDynamoDB کے API (ایپلیکیشن پروگرامنگ انٹرفیس) کی ایک اپ ڈیٹ نکلی جو ایک اہم کلاؤڈ ڈیٹا بیس سروس ہے جس پر کئی کمپنیاں صارفین کے ڈیٹا اور ضروری معلومات محفوظ کرنے کے لیے انحصار کرتی ہیں۔
یہ اپ ڈیٹ ) DNSڈومین نیم سسٹم( پر بھی اثر انداز ہوئی جو انٹرنیٹ کی فون بک کی طرح کام کرتا ہے اور ویب سائٹس کو درست IP ایڈریسز پر بھیجتا ہے۔ DNS میں گڑبڑ کے باعث سروسز کو اپنے ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل نہ ہو سکی جس سے وسیع پیمانے پر کنیکٹیویٹی فیلئرز پیدا ہو گئے۔
جیسے ہی DynamoDB آف لائن ہوا اس کے اثرات AWS کی دیگر سروسز پر بھی پڑے اور113 مختلف سروسز متاثر ہوئیں۔
صبح 10:11 پر AWS نے اعلان کیا کہ بیشتر سروسز بحال ہو چکی ہیں اگرچہ کچھ معمولی تاخیرمزید چند گھنٹوں تک جاری رہ سکتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ہانر کا روبوٹ فون، موبائل دنیا میں نیا انقلابی قدم
یہاں تک کہ بڑی ایئر لائنز جیسےDelta اورUnited بھی تکنیکی مسائل سے دوچار ہو گئیں۔
AWS ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس پر ہزاروں کمپنیاں اپنی ویب سائٹس، ایپس اور ڈیٹا بیسز چلاتی ہیں۔ جب AWS میں خرابی آتی ہے تو اس کا اثر ان تمام کمپنیوں پر پڑتا ہے جو اس پر انحصار کرتی ہیں۔
” یہ صرف ایمازون کا مسئلہ نہیں ہے یہ ان ہزاروں کمپنیوں کا مسئلہ ہے جو ان کی کلاؤڈ سروسز پر انحصار کرتی ہیں۔“
جوشوا میہونی، چیف مارکیٹ اینالسٹ، اسکوپ مارکیٹس
” اس بندش کے دوران لوگوں کو خدشہ ہوا کہ شاید یہ کسی سائبر حملے کا نتیجہ ہو مگر ماہرین نے ان خدشات کو مسترد کر دیا۔“
” زیادہ تر کلاؤڈ سروس بندشیں انسانی غلطی کی وجہ سے ہوتی ہیں، نہ کہ کسی حملے کے باعث۔ “
برائسن بورٹ، CEO، سکیورٹی فرم Scythe
یہ معاملہ بھی تکنیکی غلطی اور سسٹم اپ ڈیٹ کا نتیجہ تھا نہ کہ ہیکنگ یا کسی سائبر حملے کا۔
AWS نے بیان جاری کیا کہ انہوں نے ایک ساتھ متعدد راستوں سے سروس بحال کرنے کی کوشش کی تاکہ صارفین کو جلد از جلد سہولت فراہم کی جا سکے۔
ایمازون نے تصدیق کی ہے کہ اصل مسئلہ حل ہو چکا ہے اگرچہ کچھ صارفین کو معمولی تاخیر کا سامنا رہ سکتا ہے۔ کمپنی کا مزید کہنا ہے کہ وہ ایک تفصیلی رپورٹ جاری کرے گی جس میں بندش کی اصل وجوہات اور آئندہ اس جیسے واقعات سے بچنے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کی وضاحت ہو گی۔