5 گنا کم بجلی، 4 گنا زیادہ ٹھنڈک: نئی اے سی ٹیکنالوجی کی دھوم
Caeli Énergie cooling technology
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی گرمی اور بجلی کے بڑھتے ہوئے بلوں کے درمیان، فرانس کی ایک اسٹارٹ اپ کمپنی Caeli Énergie نے ایسی جدید اے سی ٹیکنالوجی متعارف کرائی ہے جو نہ صرف توانائی کے لحاظ سے پائیدار ہے بلکہ روایتی ایئرکنڈیشنرز سے کئی گنا زیادہ مؤثر بھی ثابت ہو رہی ہے۔

کمپنی کے مطابق یہ نیا نظام 5 گنا کم بجلی استعمال کرتا ہے، جبکہ 4 گنا زیادہ ٹھنڈک فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ ٹیکنالوجی ایڈیابیٹک کولنگ (Adiabatic Cooling) کے اصول پر مبنی ہے جو ایک قدرتی عمل ہے جس میں پانی کے بخارات ماحولیاتی حرارت کو جذب کر کے ہوا کو ٹھنڈا کرتے ہیں۔

تاہم Caeli Énergie کے ڈیزائن کی خاص بات یہ ہے کہ اس سسٹم میں ہوا کا براہِ راست پانی سے رابطہ نہیں ہوتا، جس کی وجہ سے عام ایئر کولرز کی طرح نمی یا ڈیمپنیس کا مسئلہ پیدا نہیں ہوتا۔

کمپنی انجینئرز کے مطابق اس نظام میں ہر ایک واٹ بجلی کے استعمال سے 14 واٹ کے برابر ٹھنڈک حاصل کی جا سکتی ہے جو مارکیٹ میں دستیاب روایتی اے سی یونٹس کے مقابلے میں تقریباً 5 گنا زیادہ مؤثر کارکردگی ہے۔

مزید برآں  Caeli Énergie  کا یونٹ مکمل طور پر انڈور سسٹم ہے، جسے کسی بیرونی کمپریسر یا آؤٹ ڈور بلاک کی ضرورت نہیں ہوتی۔ اس میں کسی مضر فرج گیس کا استعمال بھی نہیں کیا جاتا، جس سے یہ ماحول دوست اور کاربن فری کولنگ سسٹم بن جاتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ چونکہ یہ نظام گرمی کو باہر خارج نہیں کرتا، اس لیے عام ایئرکنڈیشنرز کی طرح عمارتوں کے اردگرد درجہ حرارت میں اضافہ بھی نہیں ہوتا۔ اس طرح یہ سسٹم شہری ماحول میں ہیٹ آئی لینڈ ایفیکٹ کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں چیٹ جی پی ٹی کا سب سے سستا پلان متعارف

ماہرین کے مطابق اگر یہ ٹیکنالوجی بڑے پیمانے پر اپنائی گئی تو دنیا بھر میں توانائی کے استعمال، بجلی کے بلوں اور کاربن اخراج میں نمایاں کمی ممکن ہو سکے گی۔

Caeli Énergie  کے بانیوں کا کہنا ہےکہ ان کا مقصد ایک ایسا کولنگ حل فراہم کرنا ہے جو توانائی کے لحاظ سے پائیدار، ماحول دوست اور عام صارف کی دسترس میں ہو۔